جموں//
جموں پولیس نے ڈکیتی کے ایک معمے کو حل کرتے ہوئے ایڈوکیٹ سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ روپے مالیت کے طلائی زیورات برآمد کیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی جموں، جوگندر سنگھ، نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ۱۰فروری کو جموں کے گریٹر کلاش علاقے میں نامعلوم افراد نے ایک سونار کی دکان میں گھس کر وہاں طلائی زیورات لوٹ لیے اور موقع سے فرار ہو گئے ۔
سنگھ نے کہا کہ پولیس نے کیس درج کر کے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔
ایس ایس پی کے مطابق، دو ماہ کی سخت محنت کے بعد پولیس نے تین ملزمان،ایڈوکیٹ راہول شرما، سنیل شرما، اور تشار کمارکو گرفتار کیا۔
ان کے مطابق، دورانِ تفتیش گرفتار شدگان نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک سال سے سونار کی دکان کو لوٹنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات برآمد کر کے ضبط کر لیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔