سرینگر//
شمالی ضلع کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں ایک مختصر جھڑپ میں دو عدم شناخت جنگجو مارے گئے ہیں۔ علاقہ میں مزیدجنگجوئوں کے موجود ہونے کے خدشے کے پیش نظر فورسز کی مزید کمک کو طلب کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر تلاشی کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کپواڑہ ضلع کے ڈوبنار مژھل علاقے میںجنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق اطلاع ملی تھی، جس کے بعد فوج نے کپواڑہ پولیس کے ساتھ مل کے علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔
اطلاع کے مطابق منگل کی علی الصبح فوج اور جنگجوئوں کا آمنا سامناہوا، اگر چہ جنگجوئوں کو سرنڈر کرنے کی پیشکش کی گئی تاہم انہوں نے اپنے چاروں طرف فوجی محاصرہ تنگ ہوتے دیکھ کر فوج پر زبردست فائرنگ شروع کردی۔
جنگجوئوں کے ابتدائی حملے کے ساتھ ہی فوج نے بھی مورچہ سنبھالتے ہوئے جوابی کارروائی شروع کی اور اس طرح طرفین کے مابین دوبدو جھڑپ شروع ہوئی۔جس کے دوران طرفین نے ایک دوسرے کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانے یا ہلاک کرنے کیلئے جدید اسلحہ اور گولہ بارود کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں پورا سرحدی علاقہ گولیوں کی گن گرج سے لرز اٹھا۔طرفین کے مابین کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جس کے دوراندو جنگجومارے گئے ا۔
ان کا کہنا تھا کہ مارے گئے جنگجوئوںکی شناخت فوری طور معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم وہ ظاہری طور غیر ملکی لگتے ہیں اور ان کے قبضے سے دو رائفلیں بھی ضبط کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو خدشہ ہے کہ علاقے کے گھنے جنگلات میں مزید کئی جنگجو چھپے ہیں۔ لہٰذا ان کی فرار ہونے کے ممکنہ راستوں کو سیل کر دیا اور وہاں ممکنہ طور موجود مزید جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کا یہ بھی ماننا تھا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ وہ واپس سرحد پار چلے گئے ہوں۔
فورسز کی مزید کمک طلب کرکے آپریشن کو مزید وسعت دی گئی ہے اور سیکٹر تک جانے والے راستوں پر سی آر پی ایف کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔