سرینگر//
جنوبی ضلع پلوامہ کے کاکہ پورہ علاقے میں مشتبہ جنگجوؤں نے ریلوے پروٹکشن فورس(آر پی ایف) میں تعینات دو اہلکاروں پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں ایک اہلکار کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرے کو نازک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کی سہ پہر کو کاکہ پورہ پلوامہ میں مشتبہ جنگجووں نے آر پی ایف میں تعینات دو اہلکاروں پر فائرنگ کی جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے ایک اہلکار کو مردہ قرار دیا۔اس کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل سریندر کمار کے طور ہوئی ہے جبکہ اُس کے ساتھی‘اسسٹنٹ سب انسپکٹر دیوراج کمار کو نازک حالت میں سرینگرریفر کیا گیا ہے ۔
سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج، پولیس، اور سی آر پی ایف کی ایک بھاری جمعیت نے علاقے کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا ہے ۔