کھارا (ڈوڈہ)//
ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی)کے چیئرمین ‘غلام نبی آزاد نے ہفتہ کے روز کہا کہ انتخابات جموں و کشمیر کی تمام بیماریوں کا علاج ہیں کیونکہ لوگ کئی سالوں سے مشکلات کا شکار ہیں۔
ڈوڈہ ضلع کے کھارا میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آزاد نے کہا’’جموں کشمیر کے لوگ پچھلے کئی سالوں سے مشکلات کا شکار ہیں اور کوئی منتخب نمائندہ نہیں ہے جو تمام مقامی مسائل کو حل کرتا۔ لہذا انتخابات تمام بیماریوں کا علاج ہیں‘‘۔
آزادنے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں جموں و کشمیر میں انتخابات کے انعقاد پر زور دے رہی ہیں لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
ڈی پی اے پی کے چیئرمین نے کہاکہ بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے، مہنگائی کافی بڑھ چکی ہے،بنیادی سہولیات کی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے اور ڈاکٹر اور اساتذہ اپنی متعلقہ جگہوں پر غائب ہیں۔
آزاد نے کہا کہ منتخب نمائندے کہیں نظر نہیں آتے کیونکہ حد بندی کے عمل نے انہیں غیر متعلقہ بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا ’’لوگ اپنے منتخب نمائندوں کے بارے میں مشکل سے جانتے ہیں کیونکہ حلقہ بندیوں کا عمل ووٹروں کیلئے واضح نہیں ہے‘‘۔
سماج کے درمیان اتحاد پر زور دیتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام ممبران کے درمیان کامل ہم آہنگی ایک صحت مند اور پرامن معاشرے کے لیے اچھی علامت ہے۔آزادنے مزید کہا’’میں نے پنچایت سطح پر اپنی میٹنگیں شروع کرنے کے لیے کھارا بلاک کا انتخاب کیا ہے اور ڈی پی اے پی کی قیادت جموں و کشمیر کے ہر حصے میں جا کر لوگوں کی شکایات اور مسائل سننے کے لیے جائے گی۔