ہریدوار//
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ(آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستان اگلے دس سے پندرہ سال میں ’اکھنڈ بھارت‘ بن جائے گا۔
بھاگوت نے دعویٰ کیا کہ سنتوں اور نجومیوں کی پیشین گوئیوں کے مطابق ہندوستان ۲۰ سے ۲۵ سال میں’اکھنڈ بھارت‘ بن جائے گا لیکن اگر ہم سب مل کر اس کیلئے کام کریں تو دس پندرہ برسوں میں ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ان کاکہنا تھا’’آپ نے۲۰ سے ۲۵ سال کی بات کی، لیکن اگر ہم اپنی رفتار بڑھاتے ہیں، تو میں کہتا ہوں دس پندرہ سال۔ اس دور میں، ہم دیکھیں گے‘وہ ہندوستان جس کا سوامی وویکانند اور مہارشی اروبندو نے تصور کیا تھا‘‘۔
آر ایس ایس سربراہ کاکہنا تھا ’’ہندوستان عدم تشدد کی بات کرے گا لیکن ہمارے ہاتھ میں چھڑی بھی ہوگی کیونکہ دنیا صرف طاقت کو سمجھتی ہے… ہماری کوئی بد نیتی نہیں ہوگی، کوئی دشمنی نہیں ہوگی۔ لیکن دنیا صرف طاقت کو سمجھتی ہے‘‘۔
بھاگوت شری کرشنا نواس اور کنکھل میں پورنانند گری آشرم میں۱۰۰۸ سوامی دیویانند گری کے مجسمے کا افتتاح کرنے ہریدوار میں تھے۔
آر ایس ایس سربراہ نے بدھ کو کہا کہ ہندوستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور جو لوگ درمیان میں آئیں گے ان کا صفایا کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا ’’ہماری قومیت گنگا کے بہاؤ کی طرح بہتی ہے، اگر دھرم کو فروغ دیا جائے گا تو ملک بلند ہو گا‘‘۔
بھاگوت نے مزید کہا’’ایک ہزار سالوں سے سناتن دھرم کو ختم کرنے کی کوششیں کی گئیں، وہ ناکام ہوئیں، لیکن ہم اور دھرم اب بھی برقرار ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان آنے کے بعد ہر قسم کے انسان کے برے رجحانات ختم ہو جاتے ہیں۔
آر ایس ایس سربراہ کا کہنا تھا’’بہت سے لوگ سناتن دھرم کے خلاف احتجاج کرتے ہیں۔ اگر وہ مخالفت نہ کرتے تو ہندو بیدار نہ ہوتے‘‘۔