سرینگر//
سرینگر کے مضافاتی علاقہ رنگریٹ میں ایک فوجی جوان نے مبینہ طور پر اپنی ہی سروس رائفل سے اپنے آپ کو گولی مار کر اپنی زندگی تمام کر دی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رنگریٹ میں جیکلائی سینٹر کے اندر ایک فوجی جوان نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب قریب دو بجے اپنی ہی سروس رائفل سے اپنے آپ کو گولی مار دی جس کے نتیجے میں ان کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی۔
متوفی کی شناخت لانس نائیک آکاش کمار کے بطور ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فوجی جوان کی طرف سے یہ انتہائی قدم اٹھانے کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اس ضمن میں ایک کیس درج کیا ہے ۔
جموں کشمیر کے حالات پر گہری نظر رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اہلکاروں میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سخت ڈیوٹی، اپنے عزیز و اقارب سے دوری اور گھریلو و ذاتی پریشانیاں ہیں۔
پولیس نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے سیکورٹی اہلکاروں کیلئے یوگا اور دیگر نفسیاتی ورزشوں کو لازمی قرار دیا ہے لیکن باوجود اس کے جموں و کشمیر میں جوانوں کی جانب سے خودکشی کے واقعات گھٹنے کی بجائے بڑھ رہے ہیں۔