سرینگر//
وادی کشمیر میں تازہ برف باری کے بعد سیاحتی مقامات خاص کر گلمرگ میں سینکڑوں کی تعداد میں مقامی و غیر مقامی سیاح جمع ہوئے ہیں اور سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔
وادی کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمدسے شعبہ سیاحت سے وابستہ لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔
اس شعبے سے وابستہ لوگوں کا کہنا ہے کہ وادی کے باقی سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی ہے اور سیاحوں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہونے سے شعبہ سیاحت کی جان میں نئی جان آگئی ہے ۔
گلمرگ میں ایک ہوٹل مالک نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا بھاری رش ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تازہ برف باری کے بعد ہوٹلوں اور ٹوریسٹ ہٹوں میں نئی بکنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔
ہوٹل مالک نے بتایا کہ ملک بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ زوروں سے جاری ہے اور پہلے ہی یہاں کافی تعداد میں مقامی اور غیر مقامی سیاح موجود ہیں۔
موصوف نے کہاکہ تازہ برف باری سے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے وہیں شعبہ سیاحت سے جڑے لوگوں کی جان میں بھی نئی جان آگئی ہے ۔
ادھر سیاحت سے جڑے ٹورسٹ گائڈوں، ہوٹل مالکان، رستوران والوں ، شکارہ اور ہاوس بوٹ والوں کے علاوہ کشمیری دستکاری سے وابستہ افراد میں بھی اس بات پر اطمینان پایا جارہا ہے کہ وادی میں سیاح کافی تعداد میں آرہے ہیں جس سے ان کا روزگار چل رہا ہے ۔
اس دوران کشمیر میں گذشتہ دنوں سے جاری برف و باراں نے موسم سرما جیسے حالات پیدا کرکے لوگوں کو ایک بار پھر گرم لباس زیب تن کرنے پر مجبور کیا ہے ۔
وادی میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں جہاں ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے وہیں سڑکوں پر ہوئے گڑھوں میں بھی پانی جمع ہونے سے لوگوں کو عبور و مرور مشکل بن گیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں۴مئی تک موسمی صورتحال خراب رہنے کا ہی امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۲۹؍اپریل سے۲مئی تک موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں کاص طور پر دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ رک رک کر بارشوں کا امکان ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں۳ ؍اور۴مئی کو وادی میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ بعض علاوں میں بھاری بارشیں متوقع ہیں۔
باغ مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ۴مئی تک باغوں کی دوا پاشی کرنے سیاحتراز کریں۔
سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۶ء۱۸ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں۸ء۶ملی میٹر‘ پہلگام میں۷ء۷ملی میٹرم کپوارہ میں۳ء۱۵ملی میٹر اور گلمرگ میں۴ء۲۶ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
ادھر وادی میں بارشوں کے بیچ شبانہ درجہ حرارت مسلسل معمول سے کم ریکارڈ ہو رہا ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۸ء۲ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔