سرینگر/26اپریل
شمالی ضلع کپواڑہ کے قلم آباد ہندواڑہ میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات کے دوران سات دکان اور ایک مکان خاکستر ہوا ہے ۔
آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران دو عام شہری اور ایک اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہوئے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قلم آباد ہندواڑہ میں بدھوار بعد دوپہر رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً ایک شاپنگ کمپلیکس کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس، فوج اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں سات دکانوں اور ایک مکان کو نقصان پہنچا ہے ۔انہوں نے کہاکہ غلام احمد نجار کا رہائشی مکان اور شاپنگ کمپلیکس آگ کی اس واردات میں خاکستر ہوا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ آگ بھجانے کی کارروائی کے دوران دو عام شہری اور ایک اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ پولیس اور فوج کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں بستی کو خاکستر ہونے سے بچایا گیا۔انہوں نے سیکورٹی فورسز کی اس کارروائی کو خوب سراہا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔