سرینگر//
جہاں ایک طرف جموںکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے رواں برس سرینگر کے تاریخی عیدگاہ میں نماز عید کا اہتمام کیے جانے کی یقین دہانی کی وہیں سیکورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ’’عید گاہ میں نماز کا اہتمام کرنا ممکن نہیں۔‘‘
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ’’سیکورتی کلیرنس‘‘ نہ ملنے کی وجہ سے عیدگاہ میں نماز عید کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ادھر، اس حوالہ سے ابھی تک وقت بورڈ چیئرپرسن کا رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پولیس کے ایک سینئر افسر کا کہنا تھا ’’تاریخی عیدگاہ سرینگر میں امسال عید نماز کا اہتمام بالکل بھی ممکن نہیں ہے۔ سیکورٹی جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس علاقے میں بعد نماز (عید) شر پسند عناصر حالات خراب کر سکتے ہیں۔ ماضی قریب میں عیدگاہ کے قریب ہی ایک بنکر پر گرینیڈ حملہ ہوا، پتھر بازی کا واقعہ اور پیٹرول بم بھی پھینکے گئے ہیں۔‘‘
پولیس افسرا کا مزید کہنا ہے کہ ’’وہ (عیدگاہ کا) علاقہ حساس ہے اور عید کے بعد لوگوں کا ہجوم ہوگا اور اس کا فائدہ شر پسند عناصر اٹھا سکتے ہیں۔ ہم کسی بھی قیمت پر وہاں نماز عید ادا کرنے جانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔‘‘
رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر انتظامیہ کے ایک سینئر افسر کا کہنا تھا کہ ’’ہماری اور وقف بورڈ کی کوئی بھی میٹنگ نہیں ہوئی ہے۔ جب سیکورتی کلیئرنس نہیں ہے تو عید گاہ میں نماز کی اجازت کیونکر دی جا سکتی ہے۔‘‘
درخشاں اندرابی کا نام لیے گئے بغیر انہوں نے کہا کہ ’’لوگ سیاست کر سکتے ہیں، اْن کو کوئی نہیں روک سکتا لیکن ہم عوام کی جانیں خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔ رواں برس عید گاہ میں نماز نہیں ادا کی جائے گی۔‘‘
قابل ذکر ہے کی ۲۰۱۹سے قبل عیدگاہ میں نماز عید کے تعلق سے تمام انتظامات انجمن اوقاف جامع مسجد کے زیر نگرانی انجام دئیے جاتے رہے ہیں جبکہ عید الفطر اور عید الاضحی کے موقع پر میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نماز عید کا خطبہ انجام دیتے اور بقعہ عالیہ حضرت خواجہ بہاؤ الدین نقشبند کے امام و خطیب پروفیسر سید محمد طیب کاملی نماز پڑھاتے تھے۔
دلچسپ بات ہے کہ جہاں وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے دعویٰ کیا تھا کہ ’’تاریخی عید گاہ میں موسم ٹھیک رہنے کی صورت میں رواں برس عید نماز کا اہتمام ہوگا اور اس کے لیے وقف کی جانب سے صفائی ستھرائی کا کام بہت جلد شروع کیا جائے گا۔‘‘
وہیں گزشتہ روز انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے حسب معمول مختلف نمازوں کے اوقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’جمعتہ الوداع کے روز نماز دو بجے انجام دی جائے گی، شب قدر کے موقع پر نماز عشاء ساڑھے دس بجے اور حسب سابق نماز عید تاریخی عیدگاہ سرینگر میں دس بجے ادا کی جائیگی۔ موسم خراب ہونے کی صورت میں وقت مقرہ پر عید کی نماز جامع مسجد میں ادا کی جائیگی۔‘‘