جموں/۰۱اپریل
جموں کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کا وقت نزدیک آ رہا ہے ۔
بخاری نے کہا کہ لوگوں کے لئے وہ وقت آگیا ہے جب انہیں ایک ایسا فیصلہ کرنا ہے جو جمہوریت کا سب سے بڑا فیصلہ ہوتا ہے ۔
اپنی پارٹی صدر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو سانبہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کیا”اب یہاں الیکشن کا وقت نزدیک آنے والا ہے اس ہفتے الیکشن کمیشن دورہ کرنے والا ہے جن سے سیاسی لیڈر بھی اور افسران بھی ملیں گے “۔
بخاری کا کہنا تھا”آپ لوگوں کے لئے وہ وقت آگیا ہے جب آپ کو فیصلہ کرنا ہے اور یہ فیصلہ جمہوریت کا سب سے بڑا فیصلہ ہوتا ہے “۔
اپنی پارٹی کے صدر نے کہا کہ آج کا جو ووٹ ہے وہ تاریخی ووٹ ہے کیونکہ 1947 میں ملک آزاد تو ہوا لیکن ہم نے اس وقت بھی اپنا فیصلہ ایک پارٹی کے ہاتھ میں چھوڑ دیا۔
بخاری نے کہا”پانچ اگست 2019 کو ہماری خصوصی پوزیشن کو ختم کیا گیا اس میں گرچہ زیادہ کچھ بچا نہیں تھا لیکن ایک چیز ضرور تھی کہ ہمارے بچوں کی نوکریاں محفوظ تھیں“۔ان کا کہنا تھا کہ جب یہاں کے بچوں کے لئے صرف درجہ چہارم کی نوکریاں رکھنے کا فیصلہ لیا گیا تو اپنی پارٹی نے وہ فیصلہ واپس لینے میں کلیدی رول ادا کیا۔
اپنی پارٹی کے صدر نے کہا” میں وعدہ کرتا ہوں کہ یہاں جب صنعتی انقلاب آئے گا تو اس میں ہمارے 80 فیصد لوگ ہوں گے “۔انہوں نے کہا کہ جس انڈسٹری میں ہمارے 80 لوگ نہیں ہوں گے ہم اس کو یہاں کام نہیں کرنے دیں گے ۔