سرینگر///
اپنی پارٹی کے سربراہ‘ سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی نوجوان نسل کو اس خطے میں امن اور خوشحالی کو فروغ دینے میں ایک کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔
بخاری آج سرینگر میں پارٹی صدر دفتر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
اپنی پارٹی کے سربراہ نے کہا’’مجھے نوجوانوں کو اپنی پارٹی میں شامل ہوتے ہوئے دیکھ کر بے حد خوشی محسوس ہوتی ہے کیونکہ میں جانتا ہوں کہ نوجوان نسل ہی ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔ اس خطے میں امن و سکون اور تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے میں نوجوانوں کو ایک اہم کردار ادا کرنا ہوگا اور جموں کشمیر کے نوجوانوں کے پاس بے پناہ صلاحتیں موجود ہیں، جن کی بدولت اس خطے کی تقدیر بدل سکتی ہے۔‘‘
بخاری نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ’’آپ ہمارا مستقبل ہیں اور جموں کشمیر کے عوام کو آپ سے کافی اْمیدیں وابستہ ہیں۔ میں تہہ دل سے آپ کو اپنی پارٹی میں خیر مقدم کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ جب آپ جموں کشمیر میں امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کے لئے اپنا کردار نبھانے میں جھْٹ جائیں گے تو اپنی پارٹی کی لیڈرشپ آپ کے شانہ بہ شانہ ہوگی۔‘‘
اس موقعے پر پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے پارٹی میں شامل ہونے والے نوجوانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا، ’’اپنی پارٹی جموں و کشمیر میں ایک متبادل سیاسی پلیٹ فارم کے طور پر ابھری ہے۔ روایتی سیاسی جماعتیں محض اپنے سیاسی مفادات کے حصول کیلئے جذباتی نعروں اور نا قابل حصول اہداف کے نام پر گزشتہ سات دہائیوں سے یہاں کے عوام کا استحصال کرتی آئی ہیں۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران یہاں جو تباہی ہوئی ہے، اس کی ساری ذمہ داری انہی روایتی سیاسی جماعتوں پر عائد ہوتی ہے، جنہوں نے اقتدار کے حصول کیلئے اور حاصل کردہ اقتدار کو دوام دینے کیلئے عوام کو گمراہ کن اہداف اور نعروں کے پیچھے لگا دیا۔‘‘
میر نے مزید کہا’’روایتی سیاسی جماعتوں کے برعکس، اپنی پارٹی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وقف ہے اور جموں و کشمیر کی بہتری کے لیے اس کے پاس ایک شفاف ایجنڈا ہے۔ مجھے پارٹی میں آپ کا استقبال کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، اور مجھے یقین ہے کہ آپ کی موجودگی شہر میں اپنی پارٹی کے کیڈر کو مزید مضبوط کرے گا۔‘‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔