سرینگر//
شمالی کشمیر کے بارہ مولہ میں پولیس حراست سے فرار ہونے والے دونوں ملی ٹینٹوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بارہمولہ پولیس اسٹیشن میں زیر حراست دو ملزم اعلیٰ الصبح سحری کے وقت فرار ہوئے جس کے بعد پولیس نے ضلع بارہ مولہ اور سوپور میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی۔
فرار ہونے والے ملی ٹنٹوں کی شناخت معروف نذیر سولح اور شاہد شوکت بالا کے طور پر ہوئی ہے جو دونوں بارہمولہ کے رہنے والے تھے۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ وہ فالکن اسکواڈ (ٹی آر ایف)۔ لشکر طیبہ کی شاخ کا حصہ تھے اور انہیں گزشتہ سال ۱۹ مئی کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ بارہمولہ کے متعددعلاقوں میں ناکوں کا جال بچھانے کے بعد بدھ کی شام مفرور ملی ٹینٹوں کو دوبارہ حراست میں لیا گیا۔
ان کے مطابق دونوں ملی ٹینٹ گزشتہ سال بارہ مولہ میں شراب کی دکان پر گرینیڈ حملے میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔
بارہمولہ پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اسٹیشن سے دو ملی ٹینٹ فرار ہونے کے بعد پولیس نے ضلع بھر میں سی سی ٹی وی فوٹیج کو کھنگالنا شروع کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہیومن اور ٹیکنیکل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور سخت کوششوں کے بعد بدھ کی شام دونوں کو اولڈ ٹاون بارہ مولہ سے گرفتار کیا گیا ۔
انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔
اس دوران جموںکشمیر کے ضلع رام بن کے جنگلی علاقے مانگت کھاری میں تلاشی آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا۔
ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر نے بدھ کے روز نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ۳۰؍آر آر اور جموں وکشمیر پولیس نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد رام بن کے جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیاجس دوران ملی ٹینٹوں کی ایک کمین گاہ کا پتہ چلا ۔
پولیس آفیسرنے بتایا کہ تلاشی کے دوران کمین گاہ سے چار ڈٹونیٹر ، پیکا گولیوں کے راونڈ، ایل ایم جی بکس ، موٹار رونڈ ، کئی اے کے میگزین، نو ایم ایم پستول اور تین سو گولیوں کے راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔