سرینگر//
سرینگر پولیس نے آج کہا کہ سی آر پی سی کی مختلف دفعات کے مطابق کرایہ دار کی جانچ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ کرایہ دار کی جانچ کو ’سرینگر میں سماجی اور عمومی جرائم میں اضافے کے پیش نظر‘ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بہت سے جرائم میں کرائے پر رہنے والے افراد کے ملوث ہونے کا پتہ چلا ہے۔ عدم جانچ سے مالک مکان کے خلاف آئی پی سی کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
گزشتہ روز سرینگر کے مضافاتی علاقے باغ مہتاب میں جسم فروشی کے اڈے کا پردہ فاش کرتے ہوئے پولیس نے ۸؍افراد کو گرفتار کیا تھا۔ وہیں سیکس ریکیٹ چلانے کے لئے استعمال کیے جانے والے مکان کے مالک الطاف حسین آفاقی کے خلاف بھی پولیس نے غیر اخلاقی اسمگلنک کی روک تھام ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
یاد رہے کہ مکان مالک الطاف حسین آفاقی پر جسم فروشوں کو بغیر تصدیق کیے اپنا مکان کرائے پر دینے کا الزام ہے۔