سرینگر//
جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے لالچوک میں منگل کے روز سیکورٹی فورسز نے راہگیروں ، موٹر سائیکل سواروں کی تلاشی لی جس دوران ان کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے تھے ۔
معلوم ہوا ہے کہ لالچوک اور اس کے گرد نواح میں سیکورٹی کو اچانک متحرک کیا گیا ۔
اطلاعات کے مطابق سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر شہر سرینگر میں سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کردیا گیا ہے ۔
سٹی رپورٹر نے بتایا کہ لالچوک میں منگل کے روز سیکورٹی فورسز نے مسافروں ، راہگیروں اور سکوٹی سواروں کو روک کر ان کی باریک بینی سے تلاشی لی ۔انہوں نے بتایا کہ خواتین اور دوشیزاوں کے بھی شناختی کارڈ چیک کئے جارہے تھے ۔ان کے مطابق راہگیروں کے شناختی کارڈوں کے ساتھ ساتھ ان کے موبائیل فون بھی چیک کئے جارہے تھے ۔
یو این آئی کے ایک نامہ نگار جس نے منگل کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے مختلف مقامات بالخصوص لالچوک اور اس کے گرد نواح میں مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی تھی۔
نامہ نگارنے بتایا کہ سیکورٹی فورس اہلکار گاڑیوں بالخصوص دو پہیہ موٹر گاڑیوں (موٹر سائیکلوں) کی تلاشی لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ان میں سوار افراد کے شناختی کارڈ چیک کئے جارہے ہیں۔