شاندار ہار…
اگر ہار بھی شاندار ہوتی تو… تو کانگریس نے جس طرح پنجاب میں الیکشن ہارا اسے واقعی میں ایک شاندار ہار قرار دیاجاتا… لیکن کیا کیجئے گا کہ جیت شاندار ہو تی ہے‘ ہار نہیں … ہار ذلت آمیز ہوتی اور… اور پنجاب میں کانگریس کی جو ہار ہوئی ہے وہ واقعی میں ذلت آمیز ہو ئی ہے ۔ اس کے وزیر اعلیٰ الیکشن ہار گئے ‘ پارٹی کے صدر تک اپنا حلقہ نہیں بچا سکے…آپ کہہ سکتے ہیں کہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی سونامی آئی تھی جو اپنے سیاسی حریفوں کو لے ڈوبی … کانگریس ہی نہیں اکالی دل اور بی جے پی بھی … ہم اس دلیل کو مانتے اور سو فیصد مانتے اگر… اگر گوا میں یہ جماعت جیت جاتی ‘ یا سب سے بڑی جماعت کے روپ میں سامنے آتی ‘ جیسا کہ اس کو یقین تھا… اگر یہ منی پوراور اترا کھنڈ میں اچھی کار گردی کا مظاہرہ کرتی ‘ جس سے اس کی توقع کی جا رہی تھی… ہم اتر پردیش کی بات نہیں کریں گے … کانگریس کے حوالے سے اتر پردیش کا ذکر نہیں کریں گے کہ… کہ یہ پرینکا گاندھی کے ساتھ زیادتی ہو گی … اور اس لئے ہو گی کہ اس نے بڑی محنت کی ‘ خواتین کارڈ بھی استعمال کیا … لیکن… لیکن پھر بھی اپنی پارٹی کو جیت نہیں دلا سکی ‘ دو سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل نہیں کر سکی ۔راہل گاندھی نے انتخابی ہار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پارٹی اس ہار سے ‘ اس شکست سے سبق حاصل کریگی … راہل گاندھی اگر کچھ اور کہتے … حتیٰ کہ اگر وہ یہ بھی کہتے کہ انہوں نے پانچوں ریاستوں میں جیت حاصل کی ہے… اللہ میاں کی قسم ہم ان کی اس بات کو بھی سچ مان کر تسلیم کرتے … لیکن ان کا یہ کہنا کہ ان کی پارٹی اس ہار سے سبق حاصل کریگی … ہم اس بات کو ماننے کیلئے تیار نہیں ہیں… بالکل بھی نہیں ہیں اور… اور اس لئے نہیں ہیں کہ گزشتہ سات آٹھ برسوں میں ایسا پہلی بار نہیں ہو ا ہے اور … اور یقین کیجئے کہ آخری بار بھی نہیں ہوا ہے… جب کانگریس کو منہ کی نہ کھانی پڑی ‘ جب اس جماعت کو انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا نہ پڑا… کیا اس نے ان مسلسل شکستوں سے کوئی سبق حاصل کیا …جواب آپ بھی جانتے ہیں اور… اور ہم بھی ۔اور صاحب جواب یہ ہے کہ اگر اس نے واقعی میں کوئی سبق حاصل کیا ہو تا تو… تو آج انتخابی نتائج اگر زیادہ نہیں تو… تو تھوڑا مختلف ہوتے اور … اور ضرور ہوتے ۔ ہے نا؟