نئی دہلی//ملک کی پانچ ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) اتراکھنڈ، گوا اور منی پور میں واضح اکثریت حاصل کرکے پھر سے اقتدار میں واپسی کررہی ہے جبکہ اترپردیش میں وہ واضح اکثریت کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی نے تاریخی جیت درج کرکے سیاست کی سمت تبدیل کردی ہے ۔بی جے پی نے اترپردیش کی ۴۰۳؍اسمبلی سیٹوں میں۲۷۴سیٹیں جیت لی ہیں ۔سماج وادی پارٹی کو۱۲۴ نشستیں ملی ہیں۔کانگریس نے اس ریاست میں ایک بارپھر مایوس کن کار کردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف دو نشستوں پر جیت درج کی ہے ۔بہوجن سماج وادی پارٹی کو ایک نشست ملی ہے ۔پنجاب میں تمام عام آدمی پارٹی تاریخی جیت حاصل کرتے ہوئے ریاستی اسمبلی کی۱۱۷سیٹوں میں سے ۹۲سیٹوں پر قبضہ کرلیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں عام آدمی پارٹی نے کانگریس اور اکالی دل کی بالادستی ختم کردی ہے ۔ برسراقتدار کانگریس محض ۱۸سیٹوں پر سمٹ گئی ہے ۔ شرومنی اکالی دل کو صرف تین سیٹوں پر اکتفا کرنا پڑا ہے ۔ بی جے پی کو دو اسمبلی حلقوں میں جیت ملی ہے ۔ بہوجن سماج پارٹی کو ایک سیٹ پر کامیابی ملی ہے ۔ ایک سیٹ آزاد امیدوار کے کھاتہ میں گئی ہے ۔عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان بھگونت مان کی قیادت میں پارٹی نے کانگریس اور شرومنی اکالی دل کے کئی قدآور وں کو دھول چٹائی ہے ۔ وزیراعلی چرنجیت سنگھ چنی چمکور صاحب سیٹ پر عام آدمی پارٹی کے چرنجیت سنگھ سے ۷۹۴۲ووٹوں سے اور بھدور اسمبلی سیٹ پر عام آدمی پارٹی کے لابھ سنگھ اگوکے سے ۳۷ہزار ۵۵۸ووٹوں سے شکست کھا گئے ہیں۔ کانگریس سے الگ ہوکر نئی پنجاب لوک کانگریس بنانے والے ریاست کے سابق وزیراعلی کیپٹن امریندر سنگھ پٹیالہ سیٹ سے عام آدمی پارٹی کے اجیت پال کوہلی۲۹ہزار ۸۷۳ووٹوں سے شکست کھاگئے ہیں۔عام آدمی پارٹی کے وزیراعلی کے عہدہ کے امیدوار بھگونت مان دھوری اسمبلی سیٹ سے۵۸ہزار۲۰۶ووٹوں سے جیتے ہیں جبکہ پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو امرتسر مشرق سیٹ پر شرومنی اکالی دل کے پرکاش سنگھ بادل لمبی سیٹ سے عام آدمی پارٹی کے امیدوارگرمیت سنگھ خودیاں سے شکست کھا گئے ہیں۔گوا اسمبلی کی چالیس سیٹوں میں سے ۲۰سیٹوں پر بی جے پی نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ کانگریس نے گیارہ سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے ۔ مہاراشٹر گومانتک پارٹی اور عام آدمی پارٹی نے دو دو سیٹوں اور گوا فارورڈ پارٹی اور ریولیوشنری گوون پارٹی نے ایک ایک سیٹ پر قبضہ کرلیا ہے ۔ آزاد امیدواروں کے حصہ میں تین سیٹیں آئی ہیں۔ وزیراعلی پرمود سامنت اپنی سیٹ بچانے میں کامیاب رہے ہیں۔منی پور کی۶۰سیٹوں میں بی جے پی۳۲جیت چکی ہے ۔ نیشنل پیپلز پارٹی چھ سیٹ جیت چکی ہے اور ایک پر آگے چل رہی ہے ۔ جنتادل یونائیٹڈ نے چھ اور کانگریس اور ناگا پپلز فرنٹ نے پانچ پانچ سیٹیں جیتی ہیں۔ وزیراعلی این برین سنگھ نے اپنی ہنگانگ سیٹ پر ۱۸ہزار سے زیادہ ووٹوں سے جیت حاصل کی ہے ۔