سرینگر//چار ریاستوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کی فتح کو’جیت کا چوکا‘ قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم ‘ نریندرا مودی نے کہا ہے کہ ان نتائج نے ۲۰۲۴ کے انتخابات(لوک سبھا) کے نتائج کا فیصلہ کیا ہے ۔دہلی میں بی جے پی کے صدر دفتر پر انتخابی جیت کے بعد پارٹی ورکروں سے آج شام خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ یہ نتائج بی جے پی کی غریب نواز اور فعال حکمرانی کی توثیق کرتے ہیں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا’’میں آج یہ بھی کہوں گا کہ ۲۰۱۹ کے انتخابی نتائج کے بعد کچھ سیاسی ماہرین نے کہا تھا کہ۲۰۱۷ کے نتائج نے ۲۰۱۹ کے نتائج کا فیصلہ کیا تھا۔ مجھے یقین ہے کہ اس بار بھی وہ کہیں گے کہ ۲۰۲۲ کے نتائج نے۳۰۲۴ کے نتائج کا فیصلہ کر دیا ہے‘‘۔مرکز میں بی جے پی کے اقتدار میں مسلسل تیسری مدت کی پیش گوئی کرتے مودی نے کہا کہ نتائج ۲۰۲۴ کے عام انتخابات کے نتائج کی’ایک جھلک‘ دیتے ہیں ۔ مودی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت کے ساتھ ہولی کا تہوار شروع ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے اتر پردیش میں بی جے پی کی جیت کو یقینی بنا کر ذات پات اور مذہب کی سیاست کو دفن کر دیا ہے۔وزیر اعظم کاکہنا تھا’’یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جب ہزاروں ہندوستانی طلباء ، ہندوستانی شہری یوکرین میں پھنسے ہوئے تھے، تب بھی ملک کے حوصلے کو توڑنے کی بات کی گئی۔ ان لوگوں نے آپریشن گنگا کو بھی بدنام کرنے کی کوشش کی۔ یہ ہندوستان کے مستقبل کیلئے ایک بڑی تشویش ہے‘‘۔پی ایم مودی نے بر سر اقتدار رہنے کے بعد بھی منی پور، اتر پردیش اور گوا میں بی جے پی کے ووٹ شیئر میں اضافہ کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوا میں تمام ایگزٹ پول غلط ثابت ہوئے ہیں، اور گوا کے لوگوں نے بی جے پی کو مسلسل تیسری بار خدمت کرنے کا موقع دیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا ’’آج جوش کا دن ہے، جشن کا دن ہے۔ یہ تہوار ہندوستان کی جمہوریت کے لیے ہے۔ میں ان تمام ووٹروں کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے ان انتخابات میں حصہ لیا۔ میں رائے دہندگان کا ان کے فیصلے کیلئے شکریہ ادا کرتا ہوں‘‘۔مودی نے کہا کہ اتر پردیش نے بہت سے وزرائے اعظم دیے ہیں لیکن پہلی بار اس نے پوری مدت پوری کرنے کے بعد دوبارہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ غریبوں کو ان کے حقوق کی فراہمی کے ساتھ ساتھ گزشتہ چند سالوں میں گورننس کی فراہمی کو بہتر اور شفاف بنایا گیا ہے۔