سرینگر/۰۱فروری
مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر پہلے پتھر بازی کےلئے جانی جاتی تھی لیکن آج سپورٹس سرگرمیوں کے لئے مشہور ہے ۔
ٹھاکر نے کہا کہ سرکار نے جموں کشمیر کی صورتحال کو صرف تین برسوں میں تبدیل کر دیا جو پہلے 75 برسوں کے دوران بھی نہیں ہوئی تھی۔
مرکزی وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز سیاحتی مقام گلمرگ میں کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی موجود تھے ۔
ٹھاکر نے کہا”جن نوجوانوں کے ہاتھوں میں پہلے پتھر ہوتے تھے آج وہ سپورٹس سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں جو قوم کے لئے فخر کی بات ہے “۔
جموں وکشمیر انتظامیہ کے رول کی سراہنا کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا”حکومت نے صرف تین برسوں میں جموں وکشمیر کے حالات کو تبدیل کر دیا جو گذشتہ 75 دوران نہیں ہوئے تھے “۔
ٹھا کر نے کہا کہ ہمارے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ جموں وکشمیر کھیلو انڈیا گیمز کی مسلسل تیسری بار میزبانی کر رہا ہے جبکہ باقی ریاستیں ایسا کرنے میں ناکام ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا”ہمارے پاس بہت جلد سٹار ایتھلیٹس ہوں گے کیونکہ نوجوان فٹ بال، ووشو، کرکٹ، سکائنگ اور دیگر سپورٹس سرگرمیوں میں کافی مصروف ہیں“۔
مرکزی وزیر کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے ہر ضلعے میں ایک انڈور اسٹیڈیم ہے اور ہر گا¶ں میں کھیل کا میدان ہے جس سے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ صورتحال کس طرح بدل گئی ہے ۔
اس موقع پر منوج سنہا نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں سے وابستہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور سامنے لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقام گلمرگ سرمائی کھیلوں کے لئے بہترین مرکز بن جائے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کھیلو انڈیا کا دوسرا ایڈیشن بھی بہت ہی کامیاب رہا تھا اور آج جب اس کا تیسرا ایڈیشن منعقد ہو رہا ہے تو پورا ملک متحد ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگلے پانچ روز برابری، دوستی اور حریفوں کے درمیان احترام کو بر قرار رکھنے کے لئے بڑی فتح حاصل کرنے کا ایک بہترین موقع ہوگا۔
ایل جی کا کہنا تھا کہ سپورٹس انفراسٹرکچر کے لحاظ سے جموں وکشمیر سر فہرست ہے یہاں ہمیں سپورٹس اسٹیڈیم ہیں اور ہر گا¶ں میں کھیل کا میدان ہے ۔