ہبلی//
جمعرات کو یہاں ۲۶ویں نیشنل یوتھ فیسٹیول کے افتتاح سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کے روڈ شو کے دوران ایک نامعلوم شخص نے حفاظتی حصار توڑ کر ان کو پھول کا ہار پہنانے کی کوشش کی۔ حفاظتی حصار توڑنے والا بروقت پکڑا گیا۔
ہبلی دھارواڑ پولیس کمشنر نے تاہم کہا کہ یہ سیکورٹی کی کوتاہی نہیں تھی۔ اس کے برعکس، بعض ذرائع نے کہا کہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) اس کی تحقیقات کرے گا۔
ہبلی میں روڈ شو کے وزوول میں ایک نوجوان کو پی ایم مودی کی گاڑی کے نزدیک آتے ہوئے اور انہیں ہار پہنانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے ۔ مودی کی گاڑی کا دروازہ کھلا تھا اور لوگ ان کے استقبال کیلئے سڑک کے دونوں طرف قطار میں کھڑے ہوئے تھے ۔
تاہم ایس پی جی نے مداخلت کرتے ہوئے نوجوان کو وزیر اعظم تک پہنچنے سے روکا اور اسے پیچھے دھکیل دیا۔ اس کے بعد ٹریفک پولیس نے اسے پکڑ کر حفاظتی حصار میں لے لیا۔
ہبلی پولیس نے ایک بیان میں کہا’’وزیر اعظم کے حفاظتی حصار میں ایسی کوئی کوتاہی نہیں ہوئی۔ ایک شخص نے پی ایم مودی کو ان کے روڈ شو میں ہار پہنانے کی کوشش کی۔ ہم اس شخص کے بارے میں مزید معلومات اکٹھا کر رہے ہیں‘‘۔
وزیر اعظم مودی۲۶ویں قومی یوتھ فیسٹیول میں شرکت کے لیے ریاست کے ہبلی شہر میں ہیں۔ ہبلی ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد مودی کا کرناٹک کے گورنر تھاور چند گہلوت، وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی اور ریاستی بی جے پی صدر نلین کمار کٹیل نے گرمجوشی سے استقبال کیا۔ وزیراعظم کے قافلے کا سڑک کے دونوں طرف کھڑے لوگوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں برساکر پرتپاک استقبال کیا۔
اس تقریب کا اہتمام شہر میں قومی یوم نوجوان کے حصے کے طور پر کیا جا رہا ہے ، جو سوامی وویکانند کے یوم پیدائش پر ان کے نظریات، تعلیمات اور شراکت کے احترام کے طور پر منایا جاتا ہے ۔