سرینگر؍۲ نومبر
جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک مسجد میں توڑ پھوڑ کے الزام میں پولیس نے چار افراد کو حراست میں لیا ہے۔ حکام نے واقعے کو ’’فرقہ وارانہ رنگ دینے‘‘ سے گریز کرنے اور لوگوں کو غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے باز رہنے کی تاکید کی ہے۔
حکام کے مطابق اتوار کی شام شیر باغ علاقے کے پیرہو میں کچھ شرپسند عناصر نے مسجد پر پتھراؤ کیا، جس وقت اندر کچھ لوگ نماز ادا کر رہے تھے۔
ایک افسر نے پیر کو بتایا، ’’ایک گھر کو عبادت گاہ میں تبدیل کرکے وہاں نماز ادا کرنے کے معاملے پر تنازعہ ہوا۔ عشاء کی نماز کے دوران کچھ شرپسند عناصر نے پتھراؤ کیا، جس سے معمولی نقصان پہنچا۔ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پالیا گیا۔‘‘
حکام نے بتایا کہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے پوچھ گچھ کے لیے چار افراد کو حراست میں لیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں)









