سرینگر//
جموں کشمیر کے ریاسی‘ رام بن دوڈہ اضلا میں جمعرات کوتین الگ الگ سڑکوں حادثوں میں چار افراد کی موت واقع ہوگئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ریاسی میں چاسانہ سے سنگلی کوٹ جا رہی ایک الٹو گاڑی ہاموسن کے نزدیک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں اس گاڑی میں سوار دو افراد کی برسر موقع ہی موت واقع ہوگئی۔
ذرائع نے متوفین کی شناخت ۳۵سالہ منجیت سنگھ ولد نوراتن سنگھ اور۲۵سالہ گرباشک سنگھ ولد اشر سنگھ ساکنان چاسانہ ریاسی کے بطور کی۔
پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔
ادھر رام بن میں قومی شاہراہ پر جمعرات کی صبح ایک گاڑی سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی کے ڈرائیور کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی۔
ذرائع نے کہا کہ حادثہ پیش آتے ہی پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سی کیو آئی کی مشترکہ ٹیموں نے بچاؤ آپریشن شروع کرکے لاش کو بر آمد کیا۔
متوفی کی شناخت مدثر احمد ولد نور محمد ساکن ڈلگیٹ سرینگر کے بطور ہوئی ہے ۔
ضلع ڈوڈہ کے کاشٹی گڑھ علاقے میں ٹیمپو نے سکوٹی کو ٹکر ماری جس وجہ سے سکوٹی سوار کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز کاشتی گڑھ ڈوڈہ میں ٹیمپو نے ایک سکوٹی کو زور دار ٹکر ماری جس وجہ سے اُس پر سوار نوجوان شدید طورپر زخمی ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی شہری کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قراردیا۔
متوفی کی شناخت عبدالقیوم ولد غلام حسن ساکن پوٹی منڈھیر کے بطور ہوئی ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ عبدالقیوم پیشے کے لحاظ سے استاد تھا۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔