نئی دہلی//
مرکزی حکومت نے ہفتہ کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے طبی مائع(سیال) آکسیجن کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے کہا ہے ۔
تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریوں، پرنسپل سکریٹریوں اور ہیلتھ سکریٹریوں کو لکھے گئے خط میں، صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے سکریٹری راجیش بھوشن نے کہا کہ دنیا میں کووڈ۱۹؍انفیکشن کے معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ حالات کو دیکھتے ہوئے ملک میں بھی اس سے نمٹنے کی تیاریاں کی جانی چاہئیں۔
وفاق نے خط میں کہا کہ کووڈ متاثرین کے علاج میں طبی مائع آکسیجن کا اہم رول ہے ، اس لیے طبی مائع آکسیجن کی فراہمی کے نظام کو مضبوط کیا جانا چاہیے ۔
خط میں کہا گیا ہے کہ طبی مائع آکسیجن پروڈکشن پلانٹس، مال بردار ٹینکر، چھوٹے سلنڈر اور دیگر آلات کو جانچ کے بعد ہموار حالت میں رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستوں میں ضلعی سطح پر گوداموں میں طبی مائع آکسیجن کا مناسب ذخیرہ ہونا چاہیے ۔
صحت کے سکریٹری نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت ہفتہ وار بنیادوں پر طبی مائع آکسیجن کے ذخیرہ کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ طبی مائع آکسیجن کی ذخیرہ اندوزی، نقل و حمل اور سپلائی میں کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کیلئے مرکزی حکومت ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہے ۔