سرینگر//
الیکشن کو لوگوں کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے اپنی پارٹی کے سربراہ‘ سیدالطاف بخاری نے کہا کہ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات جتنی جلدی منعقد ہوں گے اتنا ہی اچھا ہے۔
سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں بخاری کاکہنا تھا’’الیکشن لوگوں کا بنیادی حق ہے‘ جتنا جلدی انہیں یہ دیا جائے ‘اتنا ہی اچھا ہے ۔اب یہ حکومت ہند کا فیصلہ ہے کہ وہ الیکشن کب منعقد کرے گی اور کب نہیں ‘‘۔
اس موقع پر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی) کے سابق ضلع صدر ، اور سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے سابق وائس چیرمین حاجی پرویز احمد بٹ اپنے درجنوں ساتھیوں اور کارکنوں سمیت اپنی پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔پی ڈی پی کے سابق یوتھ سیکرٹری اطہر الدین بٹ نے بھی اپنی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
دونوں سیاسی لیڈران نے آج سرینگر میں اپنی پارٹی کے صدر دفتر پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری کی موجودگی میں پارٹی جوائن کی۔
بخاری نے کہا’’چونکہ حاجی پرویز احمد بٹ صاحب کے ساتھ میرے دیرینہ تعلقات رہے ہیں اور وہ میرے سیاسی ساتھی بھی رہے ہیں، اس لئے مجھے اْنہیں اپنی پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے دلی مسرت ہورہی ہے۔ میں اطہرالدین اور دیگر افراد کا بھی پارٹی میں اْن کی شمولیت پر تہہ دل سے اْن کا ستقبال کرتا ہوں‘‘۔
اپنی پارٹی کے صدر نے یقین دہانی کرائی کہ نئے شامل ہونے والے سیاسی لیڈران اور کارکنان کو پارٹی قیادت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور وہ اس پارٹی میں کام کرنے کیلئے ایک بہترین ماحول محسوس کریں گے۔
بخاری نے اپنی پارٹی کے ویژن اور پالیسیوں کا اعادہ کرتے ہوئے کہا’’اپنی پارٹی کا ایجنڈا اور اسکی پالیسیاں غیر مبہم اور سادہ ہیں۔ ہم جموں کشمیر میں امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کیلئے کام کررہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ جموں کشمیر کے عوام سیاسی اور معاشی لحاظ سے با اختیار ہوں‘‘۔
اپنی پارٹی کے صدر نے مزید کہا’’چونکہ ہمارا ایجنڈا بالکل واضح ہے، جموں کشمیر کے کونے کونے سے لوگ، بالخصوص سیاسی لیڈران اور کارکنان ہمارے ساتھ جڑتے جارہے ہیں۔ نئے لوگوں کی اپنی پارٹی میں شمولیت سے ہمارے حوصلے بلند ہوتے جارہے ہیں اور ہم مزید جوش و جذبے اور جانفشانی کے ساتھ اپنے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کام کررہے ہیں‘‘۔
اس موقعے پر سید محمد الطاف بخاری کے علاوہ پارٹی کے جو سرکردہ لیڈران اور سینئر کارکنان موجود تھے، اْن میں پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، صوبائی صدر محمد اشرف میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر گاندربل جاوید احمد میر اور دیگر اشخاص شامل تھے۔