سرینگر//
جموں کشمیر اینٹی کورپشن بیورو(اے سی بی) نے شمالی کشمیر کے قصبہ اوڑی میں محکمہ دیہی ترقی کے ایک ملازم کو بیس ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا ہے ۔
اے سی بی کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بیورو کو بنڈی گجر بستی اوڑی کے ایک رہائشی کی طرف سے شکایت موصول ہوئی کہ محکمہ دیہی ترقی میں ولیج لیول ورکر (وی ایل ڈبلیو) کی حیثیت سے تعینات ساحل ساگر اس سے پی ایم اے وائی (جی) اسکیم کے تحت ایک کیس نمٹانے کیلئے بیس ہزار روپیے رشوت طلب کر رہا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ شکایت گذار نے اس رقم میں سے مذکورہ وی ایل ڈبلیو کو۲۹مارچ کو ہی۱۳ہزار روپیے ادا کئے تھے اور اب وہ باقی۷ہزار روپیوں کا تقاضا کر رہا تھا۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ شکایت موصول ہونے پر ایک کیس درج کیا گیا اور اس کیس کی تحقیقات کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ ٹیم نے محکمہ دیہی ترقی بلاک پرن پلن اوڑی ساحل ساگر کو رشوت کا تقاضا کرتے اور رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وہاں موجود آزاد گواہوں کی موجودگی میں مذکورہ وی ایل ڈبلیو سے رشوت کی رقم بھی بر آمد کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔