سرینگر//
ہفتہ کی شام کو چاند نظر آنے کے بعد جموں کشمیر میں رمضان کا مقدس مہینہ اتوار سے شروع ہو گا۔
جموں و کشمیر کے مفتی اعظم ‘ناصر اسلام نے ہفتہ کو اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مقامات سے چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مفتی ناصر کاکہنا تھا’’رمضان المبارک کے آغاز کا چاند نظر آگیا ہے۔ مقدس مہینہ ۳؍ اپریل سے شروع ہوگا‘‘۔انہوں نے کہا کہ پہلی نماز تراویح آج (ہفتہ) رات ادا کی جائے گی۔
دوسری جانب جمعیۃ علمائے ہند کی رویت ہلال کمیٹی نے کہا ہے کہ رویت شرعاً ثابت ہوگئی ہے لہذا ل بتاریخ۳؍اپریل بروزاتوار ماہ رمضان المبارک۱۴۴۳ھ کی پہلی تاریخ ہوگی۔ یہ اطلاع آج یہاں جاری ریلیز میں دی گئی ہے ۔
ریلیز کے مطابق چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔ دہلی میں مطلع صاف نہیں تھا،اس لیے یہاں چاند نظر نہیں آیا،البتہ ملک کے مختلف علاقوں بالخصوص مشرقی یوپی، آندھرپردیش کے نیلور، سلورپیٹ اور چنئی، جے پور راجستھان، چاند پور بجنور سے رویت عام کی متعدد اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اس لئے رؤیت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند اعلان کرتی ہے کہ۲۹کی رویت شرعاً ثابت ہوگئی ہے ۔ کل بتاریخ۳؍اپریل بروزاتوار ماہ رمضان المبارک۱۴۴۳ھ کی پہلی تاریخ ہوگی، آج عشاء کے بعد تراویح کا اہتمام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آج ابھی بعد نماز مغرب رؤیت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ حضرت مولانا عبدالعظیم صاحب، استاذ تخصص فی الحدیث مظاہر علوم سہارن پور کے زیر صدارت، امارت شرعیہ ہند کے مرکزی میں منعقد ہوئی۔
پاکستان میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا جس کے بعد اتوار ۳؍ اپریل کو ملک بھر میں پہلا روزہ ہوگا۔
لاہور اور اسلام آباد میں رمضان کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول ہوئی اور ان شہروں کی زونل کمیٹیوں نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو شہادتوں کو آگاہ کیا۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں جاری تھا جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند کی رویت کا اعلان کیا۔
سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے جبکہ امریکا، آسٹریلیا، روس، نیوزی لینڈ میں بھی ماہ صیام کا آغاز ہو گیا ہے۔