نئی دہلی//
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے چین کے بارے میں بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ گاندھی وہی زبان بولتے ہیں جو چین اور پاکستان بولتے ہیں۔
نڈا نے یہاں جاری ایک ریلیز میں کہا کہ ملک کی فوج کا مورال توڑنے کا گاندھی کا بیان بالکل قابل مذمت اور ملک کی یکجہتی اور سالمیت پر سوالیہ نشان ہے ۔
حکمران جماعت کے صدر نے کہا کہ یہ ملک کے بہادر سپاہیوں کی توہین ہے ۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔’’ میں اس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ ہندوستانی فوج حیرت انگیز بہادری اور طاقت کی علامت ہے ۔ ملک پر جب بھی کوئی بحران آیا ملک کی فوج نے سب کچھ دے کر ملک کو بچایا۔ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے ‘‘۔
بی جے پی صدر نے کہا کہ ملک کے عوام جانتے ہیں کہ کانگریس پارٹی نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ باہمی تعاون کا معاہدہ کیا تھا۔ ملک کے لوگ یہ بھی جانتے ہیں کہ چینی سفارت خانے نے کس طرح راجیو گاندھی فاؤنڈیشن کو مالی مدد فراہم کی ہے ۔ شاید یہی وجہ ہے کہ گاندھی بار بار چین کی زبان بولتے ہیں۔
نڈا نے کہا کہ جب ہندوستانی فوج ڈوکلام میں تیار کھڑی تھی‘ گاندھی رات کے اندھیرے میں چینی سفارت خانے میں چینی حکام کے ساتھ خاموشی سے خفیہ بات چیت کر رہے تھے ۔ یہ بتاتا ہے کہ ان کی حب الوطنی پر کتنے سوالیہ نشان ہیں۔بی ے پی صدر نے کہا’’ انہوں نے سرجیکل اسٹرائیک اور ایئر اسٹرائیک پر بھی سوالات اٹھائے تھے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کانگریس کے سابق صدر ہندوستان کی زبان نہیں بولتے ہیں۔ بلکہ وہ وہی زبان بولتے ہیں جو چین اور پاکستان بولتے ہیں‘‘۔
نڈا نے کہا’’میں پھر سے راہل گاندھی کے اس شرمناک بیان کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ راہل گاندھی کا یہ بیان ملک کی فوج کے تئیں ان کی ذہنیت اور ذہنی دیوالیہ پن کی حقیقت کو ظاہر کرتا ہے ۔‘‘