سرینگر//
ماہر موسمیات فیضان کینگ کا کہنا ہے کہ کشمیر میں ۳۱دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراوٹ متوقع ہے اور سرینگر ضلع میں یہ منفی ۵ سے ۶ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے ۔
کینگ نے کہا کہ خشک موسم کے چلتے ضلع اننت ناگ میں منفی۶، کپواڑہ میں منفی پانچ سے ۶، گلمرگ میں منفی پانچ، پہلگام میں منفی آٹھ، شوپیاں میں بھی منفی آٹھ، کولگام میں منفی چھ سے سات، بڈگام ، بارہ مولہ ، بانڈی پورہ اور گاندربل میں منفی چھ ، اونتی پورہ اور پانپور میں منفی آٹھ تک رات کا کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ ہو سکتا ہے۔
اس دوران وادی میں جاری سردیوں کے بیچ سرینگر میں رواں سیزن کی ایک اور سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے جب شبانہ درجہ حرارت منفی۶ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۶ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث سرینگرمیں رواں سیزن کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے ۔
قبل ازیں سرینگر میں۵؍اور۱۴دسمبر کو شبانہ درجہ حرارت۴ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا اور سرد ترین راتیں ریکارڈ ہوئی تھیں۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۵ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۰ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۳ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۹ء۱ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۶ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۹ء۱ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۳ء۲ ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۳ء۱۲ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں منفی۰ء۱۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں۲۱دسمبر تک موسم مجموعی طور خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں مزید گرواٹ جبکہ دن کے درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے ۔
دریں اثنا وادی میں جمعے کو بھی صبح سے ہی موسم خشک رہا اور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی جس سے لوگوں کو دکان تھڑوں، پارکوں جیسے مقامات پر لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
دریں اثنا ڈاکٹروں نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ صبح اور شام کے ایام میں گھروں سے باہر آنے سے گریز کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں کھانسی‘ نزلہ زکام‘بخار اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
طبی ماہرین نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ماسک کے بغیر گھروں سے باہر نہ آئیں خاص کر بچوں اور بزرگوں کواحتیاطی تدابیر پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کی ضرورت ہے۔