اننت ناگ//
ضلع انتظامیہ اننت ناگ نے آج ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اننت ناگ، ڈاکٹر بشارت قیوم کی ہدایت پر منعقدہ ضلع گیر مہم کے دوران دفاتر میں تاخیر سے آنے والے اور منظور شدہ چھٹی کے بغیر غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی۔
مہم کے دوران ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران نے ۵۸ دفاتر کا معائنہ کیا اور۹۲ ملازمین کو غیر حاضر پایا۔
چیف ایجوکیشن آفس، چیف ہارٹیکلچرل آفس، اے سی ڈی، آر ای ڈبلیو، ڈی ایس ایچ او، فشریز، ایف سی ڈی اننت ناگ، اے آر ٹی او، ایس ڈی اسپتال کوکرناگ، ایم سی بیجبہارا، ایس ڈی ایم بجبہاڑہ، گرلز ایچ ایس ایس بجبہاڑہ، ٹورازم پہلگام، بی ڈی او آفس لارنو، ٹی ایس او آفس لارنو، بی ایم او آفس لارنو، ایچ ایس ایس کوکرناگ اور ایچ ایس ایس دیولگام کچھ ایسے دفاتر تھے جہاں معائنہ ٹیموں نے آج حاضری چیک کی۔
ڈی سی نے کہا کہ غیر حاضری اور وقت کی پابندی نہ کرنے کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے بیشتر دفاتر میں بائیو میٹرک حاضری لگا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی اہلکار اب بھی اصولوں کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرپرائز چیکنگ مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔
ڈی سی آفس نے متعلقہ حکام کو غیر حاضر ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان دفاتر کے ضلعی سربراہان سے بھی نگرانی کی کمی کی وضاحت کرنے کو کہا گیا ہے۔