جموں//
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج جموں و کشمیر پولیس پبلک سکول میراں صاحب میں جموں و کشمیر کے پولیس شہداء کے بچوں کیلئے دیرپا لائیو لی ہڈکیلئے ڈیجیٹل سکل ڈیولپمنٹ پروگرام کا اِفتتاح کیا ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انڈس ٹاورز لمٹیڈ کی طرف سے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری ( سی ایس آر ) کے تحت یہ پہل جموں کشمیر پولیس کے بہادروں کو خراجِ عقیدت ہے جنہوں نے ملک کیلئے عظیم قربانیاں دیں ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے شہداء کے کنبوں کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا تا کہ وہ آرام اور عزت کی زندگی گزار سکیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اُنہوں نے ملک کی سا لمیت کیلئے خدمت اورحفاظت کی ۔ان لوگوں کے کنبوںکی فلاح و بہبود حکومت کی ہمیشہ اوّلین ترجیح رہے گی ۔
سنہا نے کہا کہ میں ان دلیر اور بہادر وں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں دوسروں کیلئے اپنی جانیں قربان کیں ۔انہوں نے کہا’’ جموں کشمیر پولیس ، فوج ، سینٹرل پولیس فورسز نے قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ آئیے ہم سب مل کر اپنے شہداء کے کنبوںکے تئیں اپنے فرض کو نبھانے کا عہد کریں اور ان کی بھلائی کیلئے کام کرنے کے اپنے عزم کو مضبوط کریں‘‘ ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سماج ، روشن خیال شہریوں ، کاروباری آرگنائزیشنوں اور کارپوریٹ پر زور دیا کہ وہ اپنے سماجی فرض اور ذمہ داری کو ادا کریں ۔
سنہا نے مزید کہا کہ ایک شکر گزار معاشرے کو اجتماعی طور پر حکومت کی حمایت کرنی چاہئے تا کہ ایسا نظام بنایا جا سکے جو شہداء کے لواحقین کو کافی مواقع فراہم کرے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے انڈس ٹاورز لمٹیڈ سے کہا کہ وہ ان بچوں کی صد فیصد تقرری کو یقینی بنائے جو ہنر کی ترقی کی تربیت میں داخلہ لے رہے ہیں ۔
سنہا نے کہا کہ سکل ڈیولپمنٹ پروگرام کا تربیت یافتہ افراد کی معاشی آزادی پر بہت زیادہ اثر ہونا چاہئیے ۔ اس کے بعد جاب پلیسمنٹ اور خود روز گار ہونا چاہئے ۔اُنہوںنے کہا کہ کورس کی کامیابی سے تکمیل کے بعد تربیت حاصل کرنے والوں کو ہینڈ ہولڈنگ کو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کو مارکیٹ سے چلنے والی ہنروںسے آراستہ کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے زور دیا کہ ہنر مندی کی تربیت کو جموں کشمیر میں کاروبار قائم کرنے والی صنعتوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مہارتوں کے سیٹ تیار کرنے چاہئیں ۔
سنہا نے مزید زور دیا کہ خود روز گار اور کاروباری پروگراموں کیلئے ضروری مدد فراہم کرنے ، حکومت کی فلاحی اسکیموں کے فائدے کیلئے وقف نوڈل آفیسر کی تقرری اور کارپوریٹ کے سی ایس آر اقدامات کو منظم طریقے سے شہیدکے کنبوں کیلئے فراہم کیا جائے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ پولیس شہداء کے لواحقین کو این آر ایل ایم ، امید ، مشن یوتھ جیسی اسکیموں اور حکومت کے جاری پروگراموں کے ذریعے معیاری روزی روٹی کے مواقع سے جوڑنا چاہئے ۔انہوں نے پرنسپل اور جموں و کشمیر پولیس پبلک سکول سے وابستہ تمام افراد کو پولیس اہلکاروں کے بچوں کو تعلیم دینے کے ان کے عمدہ کام کیلئے سراہا ۔
سنہا نے کہا کہ یہ تعلیم ہی ہے جو مستقبل میں ہندوستان کو علم کے پاور ہاوس کے طورپر بدل دے گی ۔
نئی پہل جموں و کشمیر پولیس کے۵۰ شہداء کے بچوں کو ڈیجیٹل خواندگی کے اسباق اور انہیں ممکنہ آجروں سے جوڑنے میں مدد فراہم کرتی ہے ۔ اِس کا مقصد اِستفادہ کنندگان کو آئی ٹی اور روز گار کی صلاحیتوں سے آراستہ کر کے ڈیجیٹل طور پر خواندہ بنانا ہے ۔
ڈی جی پی ‘ دلباغ سنگھ نے انڈس ٹاورز کے تعاون سے جے اینڈ کے پولیس پبلک سکول کے نئے آغاز کو سراہا۔ انہوں نے جے اینڈ کے پولیس پبلک سکول کے سفر کو مزید بلندیوں تک لے جانے کیلئے جے اینڈ کے پولیس ویوز ایسوسی ایشن کی کوششوں کی بھی تعریف کی ۔
انڈس ٹاورز کے ریگولیٹری اور سی ایس آر کے چیف منوج کمار سنگھ نے ڈیجیٹل سکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ کی اہم خصوصیات اور فائدہ اٹھانے والوں کو کیرئیر کی ترقی کی مہارتوں سے روشناس کرانے کے بارے میں بات کی ۔
بعد میںلیفٹیننٹ گورنر نے کمپیوٹر لیب کا دورہ کیا جہاں ہنر مندی کی تربیت کی جائے گی اور بچوں اور ان کے ٹرینرز سے بات چیت کی ۔