سرینگر/ (ندائے مشرق ویب ڈیسک)
سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے جس کے بعد خلیجی ممالک میں بروز ہفتہ ۲؍ اپریل کو پہلا روزہ ہوگا۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے علاقے حوطہ سدیر میں رمضان کا چاند نظر آیا جبکہ تمیر میں بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول ہوئی۔
علاوہ ازیں ترکی، عراق، یمن، لبنان، تیونس، مصر، امریکا، آسٹریلیا، روس، نیوزی لینڈ میں بھی ۲؍ اپریل کو ہی پہلا روزہ رکھا جائے گا۔
دوسری جانب ملائیشیا اور انڈونیشیا میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا اور ان ممالک میں پہلا روزہ ۳؍ اپریل کو ہوگا۔
واضح رہے کہ جنوبی ایشیا میں رمضان المبارک کا چاند کل دیکھا جائے گا۔
اس دوران ترک حکومت نے استنبول کی تاریخی جامع مسجد آیا صوفیہ میں رمضان المبارک کے مہینے میں۸۸ سال کے بعد پہلی مرتبہ نماز تراویح ادا کرنے کا اعلان کردیا۔
ترک مذہبی عبادات کی نگرانی کے ذمہ دار‘ علی عرباس دیانت نے اپنے بیان میں کہا کہ شکر ہے کہ ہم ۸۸ سال کے بعد پہلی مرتبہ مسجد میں اس رمضان میں نماز تراویح کے لیے اہلِ ایمان کا خیرمقدم کریں گے، میں پہلی نماز ترایح کی امامت کرتے ہوئے اس خوب صورت لمحے کو محسوس کرونگا۔
دیانت نے کہا کہ رمضان المبارک کے آغاز جمعہ، ہفتہ یا اتوار کو آغاز کی صورت میں پہلی نماز تراویح آیاصوفیہ میں ادا کی جائے گی۔
تاریخی عمارت جو اس سے پہلے عجائب گھر کے طور پراستعمال ہورہی تھی سال۲۰۲۰ میں ترک صدر طیب اردوان نے دوبارہ مسجد میں تبدیل کر دیا تھا تاہم گزشتہ دو برسوں کے دوران کورونا وائرس کی وبا کے باعث نمازِ تراویح ادا نہیں کی جاسکی تھی۔
واضح رہے کہ آیا صوفیہ کی عمارت سب سے پہلے رومی شہنشاہ جسٹینین اوّل کے دور میں۵۳۲ سے۵۳۷تک عیسائی گرجا گھر کے طور پر تعمیرکی گئی تھی اور اسے بازنطینی سلطنت کا سب سے اہم عمارتی ڈھانچا سمجھا جاتا ہے۔یہ ایک طویل عرصہ آرتھو ڈکس عیسائیوں کے ایک گرجاگھر کے طور پر استعمال ہوتی رہی تھی۔