سرینگر//
وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کا راج جاری رہتے ہوئے سری نگر میں رواں سیزن کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے جب شبانہ درجہ حرارت منفی۴ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
ادھر محکمہ موسمیات نے وادی میں۹؍اور۱۰دسمبر کو برف باری کی پیش گوئی کی ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق مغربی ہواؤں کی ایک تازہ لہر جموں وکشمیر پہنچ سکتی ہے جس کے نتیجے میں۹؍اور۱۰دسمبر کو وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے ۔
تاہم فی الوقت وادی میں خشک موسم کے ٹھٹھرتی سردیوں کا راج جاری ہے ۔ دارلحکومت سرینگر میں رواں سیزن کی اب تک سرد ترین رات درج ہوتے ہوئے کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو معمول سے ۵ء۳ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۳ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۱ء۰ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۱ء۱ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۷ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۳ء۱ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضیہ گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۴ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۰ء۱۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں منفی۶ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۹ء۱۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔