جموں//
جموںکشمیر کے راجوری ضلع کے پالما علاقے میں پچھلے تین روز سے لاپتہ ریٹائرڈ فوجی کی لاش کھیت سے پُر اسرار حالت میں برآمد کی گئی ۔
مقامی لوگوں نے پالما راجوری شاہراہ پر دھرنا دیا اور قتل میں ملوث افراد کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کا مطالبہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق راجوری ضلع کے پالما علاقے میں سابق فوجی اہلکار جس کی شناخت سکھ دیو شرما ولد لال چند پچھلے تین روز سے لاپتہ تھا اور پیر کی صبح اُس کی لاش کھیت سے برآمد ہوئی۔
معلوم ہوا ہے کہ سابق فوجی کی لاش کھیت سے برآمد ہونے کی خبر پھیلتے ہی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شاہراہ پر دھرنا دیااور ملوثین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔
متوفی کے بھائی نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ گزشتہ روز سکھ دیو شرما پنشن کی خاطر بینک گیا اور تب سے گھر واپس نہیں لوٹا۔انہوں نے بتایا کہ بسیار تلاش کے باوجود جب سکھ دیو شرما کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا تو پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کی۔
انہوں نے مزید کہاکہ پیر کی صبح کھیت سے سکھ دیو شرما کی لاش برآمد ہوئی اور اُس کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود تھے ۔
اُن کے مطابق سکھ دیو شرما کا سنسنی خیز طریقے سے قتل کیا گیا ہے لہذا ملوثین کو جلدازجلد بے نقاب کرکے اُنہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے ۔
لوگوں کی ایک بڑی تعداد جن میں مرد و زن شامل تھے نے راجوری پالما شاہراہ پر دھرنا دیا جس وجہ سے اس روٹ پر گاڑیوں کی آمدورفت دن بھر معطل رہی۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر طبی اور قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی۔