پنجی// وزیر اعظم نریندر مودی 11 دسمبر کو شمالی گوا میں موپا گرین فیلڈ بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کریں گے ۔
وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے پیر کو یہاں پورورم میں ریاستی سکریٹریٹ میں نامہ نگاروں کو یہ جانکاری دی۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی دارالحکومت پنجی میں منعقد ہونے والی عالمی آیوروید کانگریس کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کریں گے ۔ وزیر اعظم شمالی گوا میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن، غازی آباد (یو پی) اور گوا سے نئی دہلی میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہومیوپیتھی کا ورچول افتتاح بھی کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ موپا ہوائی اڈہ 40 سال کی مدت کے لیے جی ایم آر گوا انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کے ذریعے چلایا جائے گا، جسے مزید 20 سال تک بڑھایا جا سکتا ہے ۔ موپا بین الاقوامی ہوائی اڈہ جنوبی گوا کے دابولم ہوائی اڈے کے بعد ریاست میں دوسری ایسی سہولت ہوگی جسے دفاعی ادارے سے چلایا جاتا ہے ۔ ابتدائی طور پر ہوائی اڈے کی گنجائش سالانہ 44 لاکھ مسافروں کی ہوگی اور منصوبے کی تکمیل کے بعد اسے سالانہ ایک کروڑ مسافروں تک لے جایا جائے گا۔