جموں//
سرسبز مستقبل کی طرف ایک اہم قدم میں، انتظامی کونسل (اے سی) جس کی یہاں لیفٹیننٹ گورنر، منوج سنہا کی صدارت میں میٹنگ ہوئی، نے جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں رہائشی عمارتوں پر روف ٹاپ سولر پاور پلانٹس کی تنصیب کو منظوری دی۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر، جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے میٹنگ میں شرکت کی۔
رہائشی عمارتوں پر ۲۰ میگاواٹ کے روف ٹاپ سولر پاور پلانٹس جموں و کشمیر انرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی (جے اے کے ای ڈی اے )، سائنس اور ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے نئی قابل تجدید توانائی کی وزارت کے’گرڈ کنیکٹڈ روف ٹاپ سولر پروگرام، فیزدوم‘ کے تحت۱۰۴ کروڑ روپے کی لاگت سے لگائے جائیں گے۔یہ چھت والے سولر پاور پلانٹس نیٹ میٹرنگ کی بنیاد پر گرڈ سے منسلک ہوں گے۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے علاوہ، کاربن کے اخراج میں کمی کے ذریعے ایک صاف ستھرا اور سرسبز ماحول فراہم کرنے کے ساتھ، روف ٹاپ سولر پروگرام کے ذریعے شمسی توانائی کی پیداوار جموں و کشمیر میں گھریلو صارفین کی بجلی کی ضروریات کو بھی پورا کرے گی۔
نئی ترقی پسند اور سرمایہ کار دوست پالیسی کے تحت، حکومت جموں و کشمیر کے کے تمام اضلاع میں رہائشی عمارتوں پر گرڈ ٹائیڈ روف ٹاپ سولر پاور پلانٹس کی تنصیب کے لیے سبسڈی کی شراکت کو پروجیکٹ کے ۲۵ فیصد کے برابر دے گی۔ یہ پروجیکٹ نومبر ۲۰۲۳ کے آخر تک مکمل ہونا ہے اور جے اے کے ای ڈی اے کی طرف سے فہرست میں شامل دکانداروں کے ذریعے پانچ سال کی مدت کے لیے مفت میں برقرار رکھا جائے گا۔