جموں//
جموں کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) نے بدھ کو ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر کئی علاقوں میں تلاشی آپریشن چلایا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس کے ایس او جی نے سی آر پی ایف کی ایک ٹیم کے ہمراہ بدھ کو سانبہ میں بین لاقوامی سرحد پر کئی علاقوں میں تین گھنٹوں پر محیط تلاشی آپریشن چلایا۔
ذرائع نے کہا کہ یہ آپریشن در اندازی کی حالیہ کوششوں کے پیش نظر چلایا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ آپریشن بدھ کی صبح ایس ایم پورہ سے شروع کیا گیا اور رام گڑھ سیکٹر کے سپوال، چملیال اور نارائن پور علاقوں پر اختتام ہوا۔
ذرائع نے کہا کہ دوران آپریشن کسی ممکنہ زیر زمین ٹنل کو تلاش کرنے اور مشتبہ ڈرون مواد کھوجنے پر خاص توجہ دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ تاہم اس آپریشن کے دوران کوئی مشتبہ شئے نہیں پائی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ ایک فوجی ترجمان کے مطابق بی ایس ایف نے منگل کی صبح جموں کے ارینہ سکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر ایک در انداز کو ہلاک کیا جبکہ سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں ایک پاکستانی باشندے کو گرفتار کیا گیا جس کو بعد میں بی ایس ایف اور پاکستانی رینجرس کے درمیان فلیگ میٹنگ کے بعد وطن واپس بھیج دیا گیا۔