سرینگر//
ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن، کشمیر (ڈی ایس ای کے) نے پیر کو کہا کہ کچھ سرکردہ نجی اسکول غیر قانونی طور پر اور حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے امتحان کی ڈیٹ شیٹ جاری کرکے والدین کو گمراہ کررہے ہیں۔
ایک عوامی نوٹس کا حوالہ دیتے ہوئے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ ڈی ایس ای کے کے نوٹس میں آیا ہے کہ سری نگر شہر، بڈگام اور گاندربل اضلاع کے کچھ سرکردہ نجی اسکولوں نے خفیہ طور پر مختلف کلاسوں کے امتحانات کے انعقاد کے لیے ڈیٹ شیٹیں جاری کی ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ اسکولوں نے اگلی ہائی کلاسز میں طلباء کے داخلے کے ساتھ ساتھ نرسری اور ایل کے جی میں نئے داخلے کے لیے کاؤنٹر بھی کھولے ہیں۔
ڈی ای ایس کے نے اسے وقتاً فوقتاً جاری کردہ قواعد و ضوابط اور رہنما خطوط کی انتہائی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔اس نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر میں یکساں تعلیمی کیلنڈر کے خلاف ہے۔
ڈی ایس ای کے نے کہا’’کسی کو بھی قانون کی حکمرانی کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے… کوئی بھی ایسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘