سرینگر//
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیرتصدق حسین میر نے کورونا کے باعث تعلیم ادھوری چھوڑنے والے بچوں کو واپس لانے کی کوششوں کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔
حسین نے ضلع نوڈل افسروں، ماسٹر ٹرینرس اور ایجوکیشنل منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ای ایم آئی ایس) کوڈینیٹرس کے دو روزہ ورکشاپ سے اپنے خطاب میں کہا کہ کورونا کی وجہ سے اسکول کافی مدت تک بند رہنے سے کئی بچوں نے تعلیم ادھوری چھوڑ دی ہے ۔
ناظم تعلیمات کا کہنا تھا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان بچوں کو واپس لانے کے لئے کی جانے والی کاوششوں کو مزید مستحکم کیا جائے ۔
حسین نے کہا کہ اب چونکہ اسکول کھل گئے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر ایسے بچے کو واپس اسکول لایا جائے ۔
ورکشاپ سے ایجوکیشن اسپسلیسٹ جموں و کشمیر یو این آئی سی ای ایف دانش عزیز نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر ایسوسی ایشن آف سوشل ورکرس (جے کے اے ایس ڈبلیو) محکمہ تعلیم کو سپورٹ کرنے کیلئے مختلف تکنیکی وسائل فراہم کرے گا۔
ورکشاپ میں وادی کے دس اضلاع سے تعلق رکھنے والے تیس ڈی این اوز، ماسٹر ٹرینرس اور ای ایم آئی ایس نے شرکت کی۔
جے کے اے ایس ڈبلیو کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر اشفاق احمد متو نے ورکشاپ کے اختتام پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے باعث شعبہ تعلیم کو گوناگوں چلینجز کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان چلینجز کا مقابلہ کرنے کے لئے حکومت اور سول سوسائٹی کو شانہ بشانہ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔