سرینگر/۲۸مارچ
جموںکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے کھاگ علاقے میں پیر کی صبح کو ایک۲۱سالہ نوجوان کو گاو خانے میں لٹکتے ہوئے پایا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کھاگ بڈگام میں ۲۱سالہ نوجوان کو گاو خانے میں لٹکتے ہوئے پایا گیا ۔انہوں نے کہاکہ گر چہ اہل خانہ اور ہمسایوں نے مذکورہ نوجوان کو فوری طورپر نزدیکی ہسپتال پہنچایا لیکن وہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔
متوفی نوجوان کی شناخت ۲۱سالہ ریاض احمد خان ولد غلام رسول خان کے بطور ہوئی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کیا گیا ۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔
اس دوران جموںکشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں کے کڈ گام علاقے میں پیر کے روز ایک نوجوان کی لاش پُرا سرار طور پر برآمد کی گئی ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز شوپیاں کے کڈ گام گاوں میں سیب کے باغ میں مقامی لوگوں نے ایک لاش دیکھی اور اس بارے میں پولیس کو مطلع کیا ۔
پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر اُس کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی موت کی وجوہات کے بارے میں تفصیلات فراہم کی جاسکتی ہے ۔