سرینگر/۲۸ مارچ
ڈی پی ایل سرینگر کے ساتھ منسلک کرنے کے ایک دن بعد، اسٹیشن ہاؤس آفیسرنشاط اور ایک ہیڈ کانٹیبل کو رشوت ستانی کے الزامات کی ابتدائی تحقیقات کے بعد معطل کر دیا گیا ہے۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ پولیس ہیڈ کانسٹیبل نے مبینہ طور پر ایک شخص سے رابطہ کیا اور اس سے رشوت کے طور پر رقم طلب کی۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ الزامات کی ابتدائی تحقیقات کو اب باقاعدہ محکمانہ انکوائری میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ’افسر نے کہاان دونوں کو معطل کر دیا گیا ہے‘۔
یہ پوچھے جانے پر کہ سابق ایس ایچ او کو کیوں معطل کیا گیا جب وہ پہلے سے ہی ڈی پی ایل کے ساتھ منسلک تھا، افسر نے کہا’’جبکہ ہیڈ کانسٹیبل کو پہلی نظر میں ملوث پایا گیا تھا، سابق ایس ایچ او کا کردار مشکوک پایا گیا تھا۔ اس لیے باقاعدہ محکمانہ انکوائری کی جائے‘‘۔انہوں نے کہا کہ باقاعدہ محکمانہ انکوائری سے چیزیں ’بالکل واضح‘ہو جائیں گی اور اس کے نتائج کی بنیاد پر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
افسر نے کہا’’جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’عام عوام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی غیر اخلاقی عمل کو پولیس کے نوٹس میں لائیں اور اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘