سرینگر/۲۶مارچ
حکومت جموں اور سرینگر میں جدید ترین سہولیات سے لیس ۲۰۰ الیکٹرک بسوں کی سروس شروع کرنے کیلئے تیار ہے۔
یہ بسیں تمام جدید سہولیات سے لیس ہونے کے ساتھ ساتھ ماحول دوست ہوں گی۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق جموں اور سرینگر میںفی لحال۲۰۰ماحول دوست بسیں متعارف کرانے کے اقدام کا مقصد فضائی اور صوتی آلودگی اور ایندھن پر انحصار کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ایک عہدیدار نے کہا کہ بسیں مرکزی اسکیم فاسٹر ایڈاپشن اینڈ مینوفیکچرنگ آف ہائبرڈ اینڈ ای وی کے دوسرے مرحلے کے تحت خریدی جائیں گی جس کیلئے ٹینڈر جاری کیے گئے ہیں۔الیکٹرک بس سروس مسافروں کو عوامی نقل و حمل کے نظام کی طرف منتقل ہونے کی ترغیب دے گی۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ ہائی ٹیک بسوں کے متعارف ہونے سے آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا کیونکہ نقل و حمل کے آپریشنل نیٹ ورک میں زیادہ قابل عمل اور منافع بخش راستے شامل کیے جائیں گے۔یہ بسیں ریئل ٹائم پیسنجر انفارمیشن سسٹم (پی آئی ایس)، ایمرجنسی کے لیے گھبراہٹ کے بٹن، خودکار بس وہیکل لوکیشن سسٹم، سی سی ٹی وی کیمرے، پبلک ایڈریس سسٹم، اسٹاپ ریکویسٹ بٹن اور مختلف ذرائع سے کرایوں کی آن لائن وصولی جیسی جدید خصوصیات سے لیس ہوں گی۔
بسوں کا انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ مینجمنٹ سسٹم (آئی ٹی ایم ایس) جموں سمارٹ سٹی لمیٹڈ (جے ایس سی ایل) کے انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (آئی سی سی سی) اور سرینگر اسمارٹ سٹی لمیٹڈ (ایس ایس سی ایل) کے ساتھ بیک وقت منسلک ہوگا۔
عہدیدار نے کہا کہ کرایہ مختلف طریقوں جیسے کیش، سمارٹ کارڈز اور کیو آر کوڈز کے ذریعے جمع کیا جائے گا۔
عہدیدار نے کہا کہ ان بسوں کے لیے شہر کی سطح پر ایک آن لائن مانیٹرنگ پلیٹ فارم بنایا جائے گا جس میں متعلقہ پیرامیٹرز کی نگرانی کی جائے گی، بشمول چلنے والے کلومیٹر، یومیہ لیٹر میں بچائے جانے والے مساوی ایندھن، اور کاربن ڈائی آکسائیڈ میں روزانہ کی کمی ۔
عہدیداروں نے کہا کہ جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (جے کے آر ٹی سی) ۳۰؍ اپریل تک آئی ٹی ایم ایس کو شروع کر دے گی۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں آن لائن ٹکٹ بکنگ کی سہولیات فراہم کی جائیں گئی۔