سرینگر//
ورلڈ بینک کی ۳ رکنی ٹیم ‘ابھاش جھا کی قیادت میں آج جموں کشمیر کے چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا کے ساتھ جموں و کشمیر میں نافذ کئے جانے والے عالمی بینک کی مالی اعانت سے چلنے والے منصوبوں کے بارے میں میٹنگ کی۔
ورلڈ بینک کی ٹیم نے گزشتہ دو سالوں کے دوران عالمی بینک کی مالی اعانت سے چلنے والے جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ کی عمل آوری کی راہ کو ہموار کرنے میں جموں و کشمیر حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔
چیف سکریٹری نے دورہ کرنے والی ٹیم کے ساتھ یوٹی میں عالمی بینک کی مالی امداد سے جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ کی پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔
مہتا نے سیسمک پروف کنسٹرکشن کے شعبے میں انجینئرز کی استعداد کار بڑھانے کیلئے مزید امکانات تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی بینک موسمیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی، ماحولیاتی پائیداری اور دیگر اہم شعبوں میں جموں و کشمیر کی مدد جاری رکھے گا۔
بعد ازاں، ورلڈ بینک کی ٹیم نے بڈگام میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال چرار شریف میں ۵۰۰ ایل پی ایم مینی فولڈ آکسیجن پلانٹ کا دورہ کیا، جو کہ عالمی بینک کی مالی اعانت سے جے ٹی ایف آر پی کے تحت جے اینڈ کیرا کے ذریعہ تعمیر کردہ مینی فولڈ آکسیجن پلانٹس میں سے ایک ہے۔
بتایا گیا کہ چرار شریف میں آکسیجن پلانٹ سے بڈگام ضلع کی دور افتادہ تحصیل چریر شریف کے مختلف علاقوں میں تقریباً ایک لاکھ افراد کی آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔