نئی دہلی/۱۱اکتوبر
مرکزی حکومت نے منگل کو جسٹس پنکج متھل کو راجستھان ہائی کورٹ، جسٹس پی بی ورلے کو کرناٹک ہائی کورٹ اور جسٹس علی محمد ماگرے کو جموں و کشمیر ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
چیف جسٹس کی تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن آج مرکزی وزارت قانون و انصاف کے محکمہ قانون نے جاری کیا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق صدرجمہوریہ نے جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پنکج متھل کو راجستھان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔
اسی طرح جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے جج جسٹس علی محمد ماگرے کو ترقی دے کر وہاں چیف جسٹس بنانے کی منظوری دی گئی ہے ۔
بمبئی ہائی کورٹ کے جج جسٹس پی بی۔ ورلے کو ترقی دیکر کرناٹک ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر تقرری کی منظوری دی گئی ہے ۔
چیف جسٹس آف انڈیا یو یو للت کی سربراہی میں سپریم کورٹ کالجیم نے ستمبر کے آخری ہفتے میں تینوں ہائی کورٹس کے چیف جسٹسوں کی تقرری کی سفارش کی تھی۔