سرینگر//
اِنتظامی کونسل کی میٹنگ آج یہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں شہری علاقوں میں بئیر اور دیگر ریڈی ٹو ڈرنک ( آر ٹی ڈی ) مشروبات فروخت کرنے کیلئے ڈیپارٹمنٹل سٹوروں کو اجازت دینے کی تجویز کو منظوری دی ۔
اِنتظامی کونسل نے جموں اور کشمیر کے شراب کے لائسنس اور فروخت کے قواعد۱۹۸۴؍اور ایکسائز پالیسی۲۴۔۲۰۲۳ ء میں آزادانہ دفعات کو شامل کرنے کی منظوری دی ہے جس میں شہری علاقوں میں ڈیپارٹمنٹل سٹوروں میں بئیر اور ریڈی ٹو ڈرنک ( آر ٹی ڈی )مشروبات کی فروخت کیلئے لائسنس کی منظوری دی گئی ہے ۔
ایک کمرشل کمپلیکس میں ڈیپارٹمنٹل سٹوروں مجاز اتھارٹی کی طرف سے منظور شدہ کم از کم۱۲۰۰ مربع فُٹ کا کل کارپٹ ائیریا ہونے جیسی شرائط کو پورا کرتے ہوئے اس سکیم کے تحت جموں اور سرینگر شہروں میں کم از کم ۵کروڑ اور دیگر شہری علاقوں میں سٹوروں کیلئے ۲کروڑ کا سالانہ ٹرن اوور اہل ہو گا ۔ مزید براں، زائد از۱۰ کروڑ روپے کا سالانہ کاروبار رکھنے والے ڈیپارٹمنٹل سٹوروں کی چین اپنے ہر سٹور کیلئے علیحدہ لائسنس کیلئے درخواست دینے کے اہل ہو گی ۔
ڈیپارٹمنٹل سٹور کو درخواست کی تاریخ سے کم از کم ۱۲ ماہ پہلے موجود ہونا چاہئے ۔ تا ہم یہ شرائط ایک نئے /حال ہی میں کھولے جانے والے ڈیپارٹمنٹل سٹور کی صورت میں لاگو نہیں ہو گی جس کا تعلق ڈیپارٹمنٹل سٹوروں کی ایک سلسلہ سے ہے جس کا سالانہ ٹرن اوور۱۰ کروڑ روپے سے زیادہ ہے ۔
مزید براں ڈیپارٹمنٹل سٹوروں کو اشیاء کی کیٹگری میں سے کم از کم چھ اشیاء بشمول گروسری آئٹمز فروزن فوڈز، کنفیکشنری /بیکری کی اشیاء ، کاسمیٹکس ، گھریلو سامان ، برتن /باورچی خانے ، کھیلوں کی اشیاء ، الیکٹریکل /الیکٹرانک آلات ، ملبوسات ور سٹیشنری فروخت کرنی چاہئیں ۔ مذکورہ فیصلے کے مطابق پیٹرول پمپوں پر کام کرنے والے ڈیپارٹمنٹل سٹوروں کیلئے لائسنس کی گرانٹ کیلئے کسی درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا ۔
انتظامی کونسل نے جموں و کشمیر ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر کے مشورے سے اَن سروڈ / انڈر سروڈ علاقوں میں بئیر اور ریڈی ٹو ڈرنک کو فروخت کرنے کی بھی منظوری دی ۔