جموں/۶اکتوبر
جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں سروسز سلیکشن بورڈ (ایس ایس بی) دفتر کے اندر کلاس فورتھ اُمیدواروں نے احتجاجی مظاہرئے کئے ۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ پچھلے ایک سال سے بورڈ 34 سو اسامیوں کا حتمی لسٹ منظر عام پر لانے میں ناکام ثابت ہو گیا ہے ۔انہوں نے بورڈ کے کام کاج پر بھی سوالات اُٹھاتے ہوئے کہاکہ سروسز سلیکشن بورڈ نوجوانوں کی اُمیدوں پر کھرا اُترنے میں ناکام ثابت ہو گیا ہے ۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق جمعرات کے روز سروسز سلیکشن بورڈ جموں میں اُمیدواروں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی دھرنا دیا۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھتے تھے جن پر سروسز سلیکشن بورڈ ہائے ہائے کے نعرے درج تھے ۔
رمن شرما نامی ایک اُمیدوار نے بتایا کہ سال 2020میں درجہ چہارم کی زائد از آٹھ ہزار اسامیوں کو پُر کرنے کی خاطر بور ڈ نے اُمیدواروں سے درخواستیں طلب کیں۔انہوں نے بتایا کہ تحریری امتحان کے باوجود بھی بورڈ باقی مانندہ 34 سو اسامیوں کا لسٹ منظر عام پر نہیں لارہا ہے ۔
اُن کے مطابق اُمیدوار ہر روز سروسز سلیکشن بورڈ کے دفتر پر آتے ہیں اُنہیں یقین دہانی کرائی جاتی ہیں کہ ایک ہفتے کے اندرا ندر لسٹ کو منظر عام پر لایا جائے گالیکن ایک سال بیت گیا ایس ایس آر بی وعدوں کو عملی جامہ نہیں پہنا سکا۔انہوں نے مزید کہاکہ سروسز سلیکشن بورڈ کی اعتباریت پر ہی سوالات اُٹھ رہے ہیں لہذا حکومت کو اس معاملے میں فوری مداخلت کرنی چاہئے ۔
نامہ نگار نے بتایا کہ اُمیدواروں نے ایس ایس آر بی چیرمین کے کمرے کے باہر کئی گھنٹوں تک دھرنا دیا جس کے بعد پولیس ٹیم بھی جائے موقع پرپہنچی تاہم یہ رپورٹ فائل کرنے تک اُمیدوار مسلسل دھرنے پر بیٹھے ہوئے تھے ۔
اول سے نویں جماعت تک کے امتحانات مارچ سیشن میں منعقد ہونے کے قوی امکانات: ناظم تعلیمات
سرینگر/۶اکتوبر
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیرتصدق حسین میر کا کہنا ہے کہ اول سے نویں جماعت تک کے طلبا کے امتحانات کا مارچ سیشن میں منعقد ہونے کے قوی امکانات ہیں اور اس سلسلے میں ایک دو دنوں کے اندر باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر نے جمعرات کو یہاں شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کو بتایا”ہم نے حکومت کوتجویز بھیج دی ہے اور اس سلسلے میں ایک دو دنوں کے اندر حتمی فیصلہ لیا جائے گا“۔
تصدق نے کہا کہ موسم سازگار رہنے کی صورت میں دسمبر کے آخری ہفتے تک سرمائی تعطیلات نہیں کی جائیں گی اور اول سے نویں جماعت تک کے تمام امتحانات مارچ میں منعقد کئے جائیں گے ۔
قابل ہے کہ جموں وکشمیر حکومت نے کشمیر میں امتحانات مارچ سیشن میں کرانے کا فیصلہ لیا ہے ۔ اس سلسلے میں دسویں سے بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات مارچ سیشن سے منعقد کرانے کا پہلے ہی حکم جاری کیا گیا ہے ۔
قبل ازیں وادی میں اول سے بارہویں جماعتوں تک امتحانات نومبر دسمبر سیشن میں منعقد ہوتے تھے ۔