بارہمولہ/ ۵ اکتوبر
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا اعلان حتمی ووٹر لسٹ اور دیگر تیاری مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو نشانہ بناتے ہوئے شاہ نے کہا کہ ”عبداللہ اینڈ سنز اور مفتی اینڈ کمپنی“ جموں و کشمیر میں 42000 لوگوں کے قتل کے ذمہ دار تھے، کیونکہ ان خاندانوں نے اپنے ذاتی مفادات کے لیے سیاست کی اور لوگوں کو تکلیف پہنچائی۔
شاہ کاکہنا تھا”ان خاندانوں نے اپنے ذاتی فائدے کے لیے جموں و کشمیر کے وسائل کو لوٹا اور عام آدمی کے لیے کچھ نہیں کیا“۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات کے بارے میں اعلان تب کیا جائے گا جب حتمی ووٹر لسٹ اور دیگر تیاریاں مکمل ہو جائیں گی۔یہ عمل جاری ہے اور تیاریاں زوروں پر ہیں“۔
شاہ نے کہا کہ بارہمولہ کبھی عسکریت پسندی کا گڑھ تھا اور یہاں عسکریت پسندوں سے متعلق سرگرمیاں عام تھیں لیکن آج یہ جگہ سیاحوں کا گڑھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلمرگ میں پھیلے ہوئے اسکائیرز کی جنت‘ یہاں کے برف پوش پہاڑ بڑی تعداد میں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بغیر جموں و کشمیر کی ترقی ناممکن تھی۔ شاہ نے کہا”آج ہمارے پاس بہترین سڑکیں، ریل رابطے، پل اور اسپتال ہیں۔ہمارے پاس ایمس اور نرسنگ کالجوں کے علاوہ جموں و کشمیر میں نو میڈیکل کالج ہیں“۔
شاہ نے کہا کہ گجروں، بکروالوں اور پہاڑیوں کو مناسب ریزرویشن دیا جائے گا کیونکہ وہ پچھلے 75 سالوں سے جمہوریت کے ثمرات سے محروم ہیں۔
وزیر داخلہ نے پاکستانی حملہ آوروں کے خلاف کردار ادا کرنے پر مقبول شیروانی کی تعریف کی۔ انہوں نے مختلف بجلی، سڑک اور جل شکتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی حکومت پاکستان سے نہیں نوجوانوں سے بات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے کسی بھی معاملے پر بات کرنے کو تیار ہوں لیکن پاکستان سے نہیں۔
شاہ 3 روزہ دورے پر جموں و کشمیر میں ہیں اور آج دوپہر کے آخر میں واپس جائیں گے۔