واشنگٹن/۲۶مارچ
امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ سعودی عرب میں شہری اہداف پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے ۔
سلیوان نے جمعہ کو کہا’’ہم حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب کے شہری انفراسٹرکچر پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کے جدہ آئل ڈپو سمیت جازان، نجران اور ظہران میں شہری انفراسٹرکچر پر حملہ ایک دہشت گردانہ کارروائی ہے جس کا مقصد یمنی عوام کو مزید مصائب میں مبتلا کرنا ہے ‘‘۔
سلیوان نے کہا کہ امریکہ اقوام متحدہ کے ذریعے تنازعات کو کم کرنے کی کوششوں کی مکمل حمایت کرے گا اور حوثیوں کے حملوں سے اپنے علاقے کا دفاع کرنے والے اتحادیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا ’’یہ حملے واضح طور پر ایران کی طرف سے یمن میں ہتھیاروں کی درآمد پر پابندی والی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کئے جا رہے ہیں۔‘‘