سرینگر//
سرینگر پولیس نے جنسی زیادتی کا الزام عائد کرکے لوگوں کو بلیک میل کرنے والے ایک گروہ کو بے نقاب کرکے خاتون سمیت تین ملزموں کو گرفتار کیا ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ۲۷ستمبر کے روز نذیر احمد راتھر ولد مرحوم غلام نبی راتھر ساکن ڈھلون چرا رشریف بڈگام نے شیر گڑھی تھانے میں شکایت درج کی کہ چند روز قبل اُس سے صبا نامی خاتون نے فون کرکے کام کے سلسلے ملنے کی خواہش ظاہر کی۔
ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ شخص نے بخشی اسٹیڈیم کے نزدیک خاتون سے ملاقات کی جس نے اُس کو ریکہ چوک بٹہ مالو میں اپنے کمرے پر لے گئی ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ خاتون نے جوں ہی مذکورہ شخص کو کمرے میں بٹھایا تو اُس نے الزامات عائد کئے چنانچہ اسی اثنا میں مزید تین افراد زبردستی کمرے میں داخل ہوئے اور ویڈیو گرافی شروع کی۔انہوں نے کہاکہ ویڈیو گرافی کے بعدخاتون سمیت تین افراد نے نذیر احمد کو بلیک میل کرنا شروع کیا ۔
پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تین ملزمان جن کی شناخت شائستہ بشیر عرف صبا دختر بشیر احمد ڈار زوجہ اعجاز احمد گنائی ساکن گلوان پورہ حال نارکرہ بڈگام ‘جہانگیر احمد ڈار ولد خضر محمد ڈار ساکن پیٹھ پورہ ہنڈوارہ اور اعجاز احمد گنائی ولد غلام محمد ساکن گلوان پورہ حید رپورہ حال نارکرہ بڈگام کو حراست میں لیا۔
ترجمان نے بتایا تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیاجاسکتا۔