سرینگر/ 23 ستمبر
جموں و کشمیر کے پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) دلباغ سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ دہشت گردوں سمیت امن مخالف عناصر کا صفایا کرنے کے لیے بہت کچھ کیا گیا ہے اور باقی ماندہ عناصر کا صفایا کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔
یہاں’ پیڈل فار پیس‘ تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ امن کے باغ میں بہت سے کانٹے تھے، جنہیں پولیس نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر ہٹا دیا۔انہوں نے کہا کہ”بقیہ کو بھی ہٹا دیا جائے گا اور اس میں زیادہ وقت نہیں لگے گا“۔
دلباغ نے کہا کہ حریت کانفرنس اور دیگر امن دشمن عناصر اپنے سرپرستوں کی جانب سے کشمیر میں ”خون کا کھیل“ کھیلتے ہیں۔ ڈی جی پی سنگھ نے کہا”تقریباً تمام امن مخالف عناصر کا صفایا کر دیا گیا ہے اور جو باقی رہ گئے ہیں ان کا جلد صفایا کر دیا جائے گا۔“
ڈی جی پی نے کہا کہ پیڈل فار پیس صرف ایک تقریب نہیں ہے بلکہ ایک ایسا اقدام ہے جو پولیس کو نوجوانوں اور لوگوں سے براہ راست جوڑتا ہے۔
پولیس سربراہ نے کہا کہ کارڈز پر اس طرح کے بہت سے ایونٹس ہیں جن میں جشنِ دل، میراتھن ریس اور دیگر تقریبات کا سلسلہ شامل ہے۔
زمین پر ہونے والی تبدیلی کے بارے میں، انہوں نے کہا کہ شوپیاں کا زینہ پورہ علاقہ آج ایک مختلف تصویر پیش کر رہا ہے۔”یہ جگہ کبھی دہشت گردوں کا گڑھ تھا جہاں دہشت گرد کھلے عام ویڈیوز بناتے اور سوشل میڈیا پر گردش کرتے۔ آج ہمارے پاس نوجوان ہیں جو کرکٹ کا میدان، ڈسپنسری اور کرکٹ اکیڈمی چاہتے ہیں“۔
ڈاون ٹاو¿ن کے نوجوانوں کے بارے میں، ڈی جی پی نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ڈاون ٹاو¿ن کے نوجوان کھیلوں اور دیگر مسابقتی امتحانات کو اپنے کیریئر کے طور پر منتخب کرتے ہیں۔
کشمیر میں سیکورٹی صورتحال کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے دلباغ نے کہا کہ وادی میں سیکورٹی کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے اور آج ایک عام آدمی راحت کی سانس لے سکتا ہے اور آزاد فضا میں کھل کر سانس لے سکتا ہے۔