سرینگر/23ستمبر
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ یکم اکتوبر کو دو روزہ دورے پر جموں وکشمیر پہنچ رہے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ دورے کے دوران وزیر داخلہ راجوری اور کپواڑہ میں عوامی ریلیوں سے خطاب کریں گے اور سرینگر میں محکمہ تعلیم کے ایک پروگرام میں حصہ لیں گے ۔
وزیر داخلہ کی طرف سے اس دورے کے دوران کینسر ہسپتال کا بھی سنگ بنیاد رکھنے کا امکان ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ یکم اکتوبر کو وزیر داخلہ جموں وارد پہنچیں گے جہاں وہ چنا ¶ تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد راجوری میں ایک عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے ۔
معلوم ہوا ہے کہ دو اکتوبر کو وزیر داخلہ سری نگر وارد ہوں گے اور سیدھے کپواڑہ جا کر وہاں ایک عوامی جلسے سے خطا ب کریں گے ۔
اسی روز وزیر داخلہ سری نگر میں محکمہ تعلیم کے ایک پروگرام میں حصہ لیں گے ۔
سری نگر دورے کے دوران وزیر داخلہ وقف بورڈ کی جانب سے قائم کئے جارہے کینسر ہسپتال کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے ۔
مرکزی وزیر داخلہ کا جموں وکشمیر دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ نہ صرف وہ الیکشن مہم کا آغاز کرنے جارہے ہیں بلکہ مختلف پروگراموں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔
وزیر داخلہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران سری نگر میں سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیں گے ۔
وزیر داخلہ کے جموں وکشمیر دورے کے پیش نظر سیکورٹی انتظامات کو بھی حتمی شکل دی گئی ہے ۔
وزیر داخلہ دورے کے دوران اہم اعلانات بھی کر سکتے ہیں
مرکزی وزیر داخلہ سری نگرا ور جموں میں بھاجپا کور گروپ میٹنگ میں بھی شریک ہو رہے ہیں جس دوران وہ آنے والے اسمبلی انتخابات کے حوالے سے کی جارہی تیاریوں کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کریں گے ۔