سرینگر//
لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج یہاں ایس کے آئی سی سی میں ’ قبائلی برادری میں بھیڑ اور بکری پالنے کے نئے افق : چیلنجز اور مواقع ‘ پر ایک ورکشاپ کا افتتاح کیا ۔
لفٹینٹ گورنر نے قبائلی برادری کے مطالبات اور مسائل کو حل کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یو ٹی حکومت قبائلی برادری کے مویشیوں کیلئے 1000 شیڈ تعمیر کرے گی ۔
لفٹینٹ گورنر نے مزید اعلان کیا کہ قبائلی امور کا محکمہ اون کاٹنے والی مشینوں اور ہنر مندی کیلئے 1500 سیلف ہیلپ گروپس کو ایک ایک لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرے گا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ 50 سیلف ہیلپ گروپس ہر ایک کو جنریٹر سیٹ اور ’’ ڈھوک ‘‘ کیلئے شمسی توانائی پر مبنی شئیرنگ مشین کیلئے 3 لاکھ روپے ملیں گے ۔
لفٹینٹ گورنر نے بھیڑ پالنے والوں کیلئے سماجی تحفظ کیلئے ایک اسکیم لانے اور مویشیوں کو انشورنس کور فراہم کرنے کیلئے حکومت کے منصوبے کا بھی اشتراک کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ اور کنٹرول کے اقدامات کیلئے ہیلتھ کارڈز اور صحت کی نگرانی کیلئے ایک جامع پالیسی بھی تیار کی جائے گی ۔
لفٹینٹ گورنر نے جے اینڈ کے ایڈوائزری بورڈ فار ڈیولپمنٹ آف کسان اور یو ٹی کے شیپ ہسبنڈری ڈیپارٹمنٹ کو نئے مواقع تلاش کرنے اور بھیڑ اور بکری پالنے کے شعبے کو اسٹیک ہولڈرز کیلئے مزید منافع بخش بنانے کیلئے ضروری مداخلتوں کی نشاندہی کرنے کیلئے اہم ورکشاپ کے انعقاد پر مبارکباد دی ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ زرعی سائینسدانوں ، ماہرین اور قبائلی کمیونٹی کے ارکان کے آج کے دماغی اجلاس کے نتائج کا معروضی طور پر جائیزہ لیا جائے گا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے فائدے کیلئے زمین پر نافذ کی جانے والی حکومتی پالیسیوں میں شامل کیا جائے گا ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہمارا مقصد لائیو سٹاک کی پیداواری صلاحیت اور پیداوار کو پائیدار طریقے سے بڑھانا ہے اور برآمدات اور ویلیو ایڈز مصنوعات کی غیر استعمال شدہ صلاحیت پر توجہ مرکوز کرنا ہے ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ بھیڑوں کی اعلیٰ جینیاتی ممکنہ نسلیں ، کراس بریڈنگ کیلئے غیر ملکی نسلیں ، مارکیٹنگ کی سہولیات اور مقامی بیماریوں کے مسائل سے بچاؤ کے طریقہ کار سے بھیڑ پالنے کے شعبے میں مجموعی طور پر بہتری آئے گی اور ہمارے مویشی پروڈیوسروں کی ایک بڑی اکثریت کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر ہو گی۔
لفٹینٹ گورنر نے حکومت کی طرف سے بھیڑ فارمنگ کے شعبے کو جدید بنانے اور فروغ دینے اور تجارتی سرگرمیوں اور اس شعبے کی پیداوار کو مضبوط بنانے کیلئے متعارف کرائی گئی اصلاحات پر روشنی ڈالی جو یو ٹی میں تقریباً 12 لاکھ خاندانوں کو ذریعہ معاش فراہم کرتی ہے ۔
جموں و کشمیر کو ملک میں سب سے زیادہ فی کس بھیڑ /بکری کے گوشت کی کھپت کا اعزاز حاصل ہے اور اس لئے اس بڑی مانگ کو پورا کرنے کیلئے ہم اپنی ضروریات کا تقریباً 40 فیصد دوسری ریاستوں سے درآمد کرتے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہمارے لوگوں کی طرف سے بھیڑ /بکری کے گوشت کی یہ بڑی مانگ ایک چیلنج سے زیادہ ایک موقع ہے کیونکہ یہ بھیڑوں اور بکریوں کے فارمرز کیلئے بہت بڑی گنجائش فراہم کرتا ہے ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی حکومت نے بہتر افزائش کے طریقوں ، ٹیکنالوجی کی منتقلی ، اون اور گوشت کی پیداوار کو دوگنا کرنے ، مارکیٹنگ ، صلاحیت کی تعمیر اور بھیڑوں کو پالنے والوں کیلئے اضافی آمدنی کو یقینی بنانے کے ذریعے ایک ماڈل شیپ فارمنگ سسٹم تیار کرنے کیلئے نیوزی لینڈ کے ساتھ اشتراک داری کی ہے ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر یو ٹی نے ملک میں بھیڑوں کی بہترین نسل رکھنے کا اعزاز حاصل کیا ہے اور یہ ایک بار پھر اعزاز کی بات ہے کہ ہمارے پاس ملک کی 50 فیصد نسل کی آبادی یو ٹی میں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں اون پیدا کرنے والے دوسرے نمبر پر ہیں اور پیدا ہونے والی اون کے معیار کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اون کی پروسیسنگ کو اس کے مطابق نہیں لگایا گیا ہے لیکن ہماری حکومت اس کے بارے میں بہت فکر مند ہے اور بہت سے قابلِ عمل حل حکومت کے زیر غور ہیں جنہیں بہت جلد پبلک ڈومین میں لایا جائے گا ۔
لفٹینٹ گورنر نے اعلان کیا کہ کشمیر اور جموں ڈویژنوں میں اون کو جمع کرنے ، درجہ بندی کرنے ، چھانٹنے اور پیک کرنے کیلئے ایک ایک مشترکہ سہولت مرکز قائم کیا جائے گا ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہم نے اس شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن حکومت اس شعبے کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور اس شعبے کو مزید متحرک ، منافع بخش ، مارکیٹ پر مبنی ، روز گار کے قابل اور پائیدار بنانے کیلئے تمام خامیوں کو دور کرنے کی خواہشمند ہے ۔